محنت کش طبقے کے حالات کو بہتر بنانے کےلئے مناسب اجرت، محفوظ ماحول، صحت کی سہولیات اور بچوں کی تعلیم بارے اقدامات کی ضرورت ہے، صدرمملکت کا مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

image

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقعے پر پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے انتھک کوشش کرنےوالے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محنت کش طبقے کے حالات کو بہتر بنانے کےلئے مناسب اجرت، کام کےلئے محفوظ ماحول، صحت کی سہولیات اور ان کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے بارے اقدامات کی ضرورت ہے۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا عالمی دن ملکی سماجی اور اقتصادی ترقی کےلئے انتھک کوشش کرنےوالے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے منایا جا رہا ہے۔ اس سال مزدوروں کے عالمی دن کا موضوع موسمیاتی تبدیلیوں کے دوران کام کی جگہ پر سلامتی اور صحت کو یقینی بنانا ہے، ہم مزدور کے وقار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے اور ان کی تاریخی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دن مزدوروں کے حقوق، ان کے سماجی تحفظ، منصفانہ اجرت اور کام کےلئے محفوظ ماحول بارے کوششیں کرنے کی یاد دلاتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں مزدور اور محنت کش طبقے کو مہنگائی، ضروریات زندگی کی بڑھتی قیمتوں ، بے روزگاری اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، محنت کش طبقے کے حالات کو بہتر بنانے کےلئے مناسب اجرت، کام کےلئے محفوظ ماحول، صحت کی سہولیات اور مزدوروں کے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کےلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدوروں کے استحصال کے خاتمے،سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنے، حقوق کے تحفظ کےلئے پالیسیوں کے نفاذ اور عمل درآمد میں ریاست کا اہم کردار ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم دل کی گہرائیوں سے ملک کی ترقی میں قابل ستائش کردار ادا کرنے والے محنت کشوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، خطرناک ماحول میں کام کرنے والے مزدوروں کو ضروری تربیت اور حفاظتی سامان کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی ، امید ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی، استحصالی طریقوں کے خاتمے اور مزدوروں کے لیے سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنا ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں محنت کش اور مزدور طبقے کے لیے ایسا سازگار ماحول پیدا کریں جہاں ان کی قدر اور عزت کی جائے، آجر منصفانہ اجرت، مزدوروں کی سلامتی اور صحت کے لیے اقدامات کریں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.