وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے اٹلی کی سفیر میریلینا ارملین کی ملاقات ، غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے کے لئے معاہدے پر اتفاق

image

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے اٹلی کی سفیر میریلینا ارملین نے ملاقات کی جس میں غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے کے لئے معاہدے پر اتفاق کر لیا گیا ہے ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ روکنے کے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ حکام کو موقع پر ہی احکامات دئیے۔ملاقات میں غیر قانونی طور پر اٹلی جانے والے پاکستانیوں کا داخلہ روکنے کے لئے مشترکہ پالیسی اپنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔ میلان اور اسلام آباد کو سسٹر سیٹز کا درجہ دینے کی تجویز دی گئی ۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں انسانی سمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انسانی سمگلنگ کے مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ اٹلی غیر قانونی طور پر جانے والوں کو ناصرف جیل جانا پڑے گا بلکہ رقم بھی ضائع ہو گی۔انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے ایف آئی اے کو بھرپور کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انسانی سمگلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سے اٹلی قانونی طور پر ہنر مند افرادی قوت بھیجی جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں اٹلی کی سفیر کی ذمہ داری سنبھالنے پر میریلینا ارملین کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اٹلی کی سفیر نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کے اقدامات کو سراہا۔اطالوی سفیر نے انسانی سمگلنگ روکنے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور اٹلی کے سفارت خانے کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.