اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کےلیےمشترکہ کارروائی کی ضرورت ہے،فلسطین کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں دنیا بھر میں اسلامو فوبیا اور زینو فوبیا کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

image

بنجول۔2مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے گیمبیا کے شہر بنجول میں منعقدہ 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحٰہ سے ملاقات کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی اجلاس کے کامیابی سے انعقاد پر سیکرٹری جنرل کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، تشدد اور اشتعال انگیزی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں دنیا بھر میں اسلامو فوبیا اور زینو فوبیا کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور وہاں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کے بے تحاشا استعمال کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت میں او آئی سی کے تاریخی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ اور کشمیر کے بارے میں خصوصی ایلچی کے کردار کو سراہا۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے کشمیری عوام کے لیے او آئی سی کی حمایت اور او آئی سی کی مختلف قراردادوں میں ان کے جائز حق خودارادیت کی تصدیق کی۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے غزہ میں جاری نسل کشی اور وہاں کی سنگین انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے میں تنازعات میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینیوں کو فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے او آئی سی کی کوششوں اور اقدامات کو بھی سراہا اور ان اقدامات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران جن دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں دنیا کے مختلف حصوں میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی،دہشت گردی اور او آئی سی ممالک کو مشترکہ حل تلاش کرنے پر کام کرنے کی ضرورت شامل ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.