ہمارا مذہب مزدور اور محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کا ضامن، ملکی تعمیر و ترقی انہی کی انتھک محنت کی مرہون منت ہے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا پیغام

image

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مزدور اور محنت کش طبقے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتےہوئے کہا ہے کہ ہمارا مذہب اس طبقے کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے،مزدوروں اور محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے،ملک کی تعمیر و ترقی محنت کش طبقے کی انتھک محنت کی مرہون منت ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔سپیکر نے کہا کہ ہمارا مذہب مزدور اور محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے،ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری ادا کرنے کا حکم دیا ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ کسب حلال کمانے والا اور محنت کش اللہ تعالیٰ کا دوست ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزدوروں اور محنت کش طبقے کے حقوق کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے،ملک کی تعمیر و ترقی محنت کش طبقے کی انتھک محنت کی مرہون منت ہے،آج کا دن ہمیں شکاگو کے ان مزدوروں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جہنوں نے اپنے حقوق کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ لیبر ڈے دنیا بھر میں محنت کش طبقے کے کردار، اپنے کام سے لگن اور عزم و استقامت کو اجاگر کرنے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان ہمیشہ محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لیے کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے،سیاسی جماعتوں کو محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے مزید موثر قانون سازی کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم محنت کش طبقے کی خدمات کو سلام پیش کرتی ہے، اس طبقے کی ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.