وفاقی وزیر بجلی سردار اویس لغاری کا بجلی چوری کی روک تھام میں تعاون اورمشترکہ حکمت عملی بنانے کے لئےوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خط

image

اسلام آباد۔19اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری نے بجلی چوری کی روک تھام میں تعاون اورمشترکہ حکمت عملی بنانے کے لئےوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاہ پور کو خط لکھ دیا ۔جمعہ کو پاور ڈویژن سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نےبجلی چوری روکنے سےمتعلق اقدامات پروزیراعلیٰ کے پی سےملاقات کاوقت مانگ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں مشترکہ حکمت عملی کےذریعے صورتحال میں بہتری لانے پرغورکیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی چوری روکنے کے لئے پولیس کی مدد فراہم کی جائے، پولیس کی مدد سےخیبر پختونخوا میں بجلی چوری کےخلاف مہم کا کامیاب بنایاجاسکتا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے تعاون کے لئے آپ سے ذاتی دلچسپی لینے کی درخواست کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں آپریٹ کرنے والی پیسکو اورٹیسکو خراب کارکردگی والی ڈسکوز میں شامل ہیں، رواں مالی سال کے لئے پیسکو اور ٹیسکو کے نقصانات کا تخمینہ 188 ارب روپے لگایا گیا ہے ، پیسکو میں زیادہ نقصانات والے علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں ڈی آئی خان، بنوں، کرک، کوہاٹ، شانگلہ اور سابقہ ایف آر ریجنز شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری روکنے،نقصانات کم اور ریکوریز میں بہتری کے لئے ملک گیر مہم شروع کی ہے، مہم کی کامیابی کا دارومدار صوبائی حکومتوں کے تعاون پر منحصر ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نقصانات نے پاور سیکٹر کی پائیداری پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے،ٹیسکو کےزیر انتظام علاقوں میں کمزورحکومتی عملداری کا چیلنج درپیش ہے، ٹیسکو سابقہ قبائلی علاقوں میں کام کر رہی ہے جہاں پر واجبات کی عدم وصولی اور میٹرز کی عدم موجودگی کا سنگین مسئلہ درپیش ہے،

ٹیسکو کے نقصانات رواں مالی سال کے دوران 51 ارب روپے تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ حل میں ٹیسکو کےعلاقوں میں ریکوری کے لئےصوبائی حکومت جامع پلان مرتب کرے،دوسرا ممکنہ حل یہ ہے کہ صوبائی حکومت ٹیسکو کے علاقوں میں پاورسپلائی کا بیڑا اٹھالے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے حال ہی میں وزیر دفاع کی سربراہی میں خیبرپختونخوا کی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورت کیلئے ایک کمیٹی قائم کی ہے جو صوبائی حکومت کے ساتھ جلد بات چیت کا آغاز کرے گی اور کمیٹی مربوط لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کیلئے خیبرپختونخوا کا دورہ کرے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.