وفاقی وزیرِ خزانہ کی زیر صدارت کیپیٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ کونسل کا پہلا اجلاس

image

وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو، سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت متحرک اور جامع کیپیٹل مارکیٹس کے قیام کے لیے پُرعزم ہے تاکہ معاشی توسیع، سرمایہ کاروں کی شمولیت اور جاری ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جاسکے۔

وزیر خزانہ نے آج فنانس ڈویژن میں کیپیٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ کونسل (CMDC) کے افتتاحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کو مضبوط اور توسیع دینے کے روڈمیپ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایس ای سی پی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی، نیشنل کلیئرنگ کمپنی، پاکستان بزنس کونسل اور فنانس ڈویژن سمیت اہم سرکاری و نجی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

کونسل نے کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے لیے ٹرمز آف ریفرنس اور مجموعی حکمتِ عملی کا جائزہ لیا، اور عالمی بہترین مالیاتی طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں سرمایہ کاروں کی شمولیت بڑھانے، سرمایہ کاری کی متنوع مصنوعات تیار کرنے، بینکوں، بروکرز اور میوچل فنڈز کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور جاری کنندگان و سرمایہ کاروں کے لیے مراعات دینے جیسے اہم نکات پر گفتگو ہوئی۔

شرکاء نے کراس بارڈر لسٹنگ، مارکیٹ انٹیگریشن، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، اور ریگولیٹری اصلاحات کے تقاضوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ مقامی کمپنیوں کو ایکویٹی اور ڈیٹ مارکیٹس کے ذریعے مزید سرمایہ جمع کرنے کی ترغیب دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ایسے مضبوط اور فعال کیپیٹل مارکیٹس چاہتی ہے جو سرمایہ کاری کے محفوظ اور پُرکشش مواقع فراہم کریں اور قومی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور نجی شعبے کو ڈیٹ کیپیٹل مارکیٹ کے بہتر استعمال کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں ریگولیٹری، ٹیکسیشن، اور مراعاتی ڈھانچے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ ٹیکس پالیسی آفس، اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی، ڈی ایم او اور فنانس ڈویژن مشترکہ طور پر کیپیٹل مارکیٹ سے متعلقہ ٹیکسیشن اور جاری کنندگان کے لیے ٹیکس مراعات کا تفصیلی تجزیہ کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شفاف اور قانون کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کو زیادہ مراعات دی جانی چاہئیں۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ حکومت کے اعلان کردہ تین سطحی ڈیجیٹائزیشن پروگرام کو کیپیٹل مارکیٹ ڈیولپمنٹ کے روڈمیپ میں شامل کیا جائے۔

یہ طے پایا کہ ترجیحی شعبوں میں خصوصی ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے جو دو ہفتوں میں اہم اہداف اور ایکشن پلان تیار کریں گے۔ کونسل سہ ماہی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لے گی اور ہر سہ ماہی اجلاس منعقد ہوگا۔

حکومت کی یہ کوششیں ایک متحرک، لچکدار اور اعلیٰ لیکویڈیٹی کی حامل مارکیٹ کے قیام کی طرف قدم ہیں جو ملکی بچتوں کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کر کے قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد فراہم کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US