Add Poetry

غم ہو گئے بےشمار آقا

Poet: امام احمد رضاؔ خان علیہ الرحمۃ الرحمٰن By: قادری رضوی, Lahore

غم ہو گئے بےشمار آقا
بندہ تیرے نثار آقا

بگڑا جاتا ہے کھیل میرا
آقا آقا سنوار آقا

منجدھار پہ آ کے ناؤ ٹوٹی
دے ہاتھ کہ ہوں میں پار آقا

ٹوٹی جاتی ہے پیٹھ میری
اﷲ یہ بوجھ اتار آقا

ہلکا ہے اگر ہمارا پلہ
بھاری ہے تیرا وقار آقا

مجبور ہیں ہم تو فکر کیا ہے
تم کو تو ہے اختیار آقا

میں دور ہوں تم تو ہو میرے پاس
سن لو میری پکار آقا

مجھ سا کوئی غمزدہ نہ ہو گا
تم سا نہیں غمگسار آقا

گرداب میں پڑ گئی ہے کشتی
ڈوبا ، ڈوبا اُتار آقا

تم وہ کہ کرم کو ناز تم سے
میں وہ کہ بدی کو عار آقا

پھر کبھی منہ نہ پڑے خزاں کا
دے دے ایسی بہار آقا

جس کی مرضی خدا نہ ٹالے
میرا ہے وہ نامدار آقا

ہے ملکِ خدا پہ جس کا قبضہ
میرا ہے وہ کامگار آقا

سویا کئے نابکار بندے
رویا کئے زار زار آقا

کیا بھول ہے انکے ہوتے کہلائیں
دنیا کے تاجدار آقا

اُن کے ادنیٰ گدا پہ مٹ جائیں
ایسے ایسے ہزار آقا

بے ابر کرم کے میرے دھبے
لَا تَغْلسِلُھَا الْبِحَار آقا

اتنی رحمت رضاؔ پہ کر لو
لَا یَقْرُبُہُ الْبَوَار آقا

Rate it:
Views: 360
08 Jun, 2011
More Religious Poetry
Popular Poetries
View More Poetries
Famous Poets
View More Poets