ملک بھر میں 12مئی کو نرسوں کا عالمی دن منایا جائے گا

image

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):ملک بھر میں نرسنگ کے شعبہ کی اہمیت اجاگر کرنے اور نرسز کی خدمات کے اعتراف میں 12مئی کو نرسوں کا عالمی دن منایا جائے گا۔ اس دن کو منانے کا مقصد نرسنگ کے شعبہ سے منسلک افراد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ شعبے سے وابستہ خواتین کو درپیش مسائل اور ان کے حل کو اجاگر کرنا ہے۔ واضح رہے کہ اس دن کو منانے کا آغاز1953میں ہوا جب امریکا کے شعبہ صحت، تعلیم اورفلاح وبہبود سے منسلک ڈوروتھی سدر لینڈ نے امریکی صدر سے نرسوں کے عالمی دن کا اعلان کرنے کے حوالہ سے رابطہ کیا تھا تاہم ان کی تجویز منظور نہیں کی گئی ۔

تین سال بعد1956 میں پہلی مرتبہ نرسوں کی بین الاقوامی کونسل نے 12مئی کو ’’نرسوں کا عالمی دن‘‘ منایا تھا ۔ 12مئی جدید نرسنگ کی بانی فلورنس نائٹنگیل کا یوم پیدائش بھی ہے۔ نرسوں کے عالمی دن کا مقصد فلورنس نائٹنگیل اور دنیا بھر کی نرسوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ترقی پذیر ممالک میں صرف ڈاکٹرز کو ہی معالج تصور کیا جاتا ہے جبکہ اس طرح کے خیالات درست نہیں کیونکہ ہسپتالوں میں ایک ایسا طبقہ بھی اپنے فرائض سرانجام دیتا ہے جو مریضوں کے تحفط، دیکھ بھال، تیمارداری اور ڈاکٹر زکی تجویز کردہ ادویات سے مریضوں کے بروقت استفادہ کو یقینی بنا رہا ہے اور بلا شبہ یہ نرسنگ کا ہی شعبہ ہے۔ نرسنگ کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری،

غیرسرکاری ، نجی اور طبی اداروں و تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف پروگرامز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور طب کے شعبہ میں نرسز کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اسی طرح پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا بھی مختلف ضمیمہ جات اور پروگرامز شائع ، نشر کرے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.