ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایشین ڈویلپمنٹ آوٹ لْک رپورٹ حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی توثیق ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے ایک مستحکم اور پائیدار معیشت کے لئے کام شروع کردیا ہے، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ

image

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی ایشین ڈویلپمنٹ آوٹ لْک رپورٹ اپریل 2024 کو حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی توثیق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے، اس کی تصدیق عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ جمعہ کو یہاں جاری بیان میں وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ آوٹ لْک رپورٹ 2024ء میں پاکستان کی معیشت کے بارے میں خوش آئند امکانات کا اظہار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے ایک مستحکم اور پائیدار معیشت کے لئے کام شروع کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ ہم مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری ماحول کو آسان بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں، ہماری پچھلی 16 ماہ کی حکومت میں ملک کی معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے گئے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، ہمارے معاشی اقدامات سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی مضبوط توثیق ہے۔

احد چیمہ نے کہا کہ پاکستان کا زرعی شعبہ مضبوط ہے اور اس میں اضافی ترقی کی صلاحیت موجود ہے، حکومت ایشیائی ترقیاتی بینک کی سفارشات پر عمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور نے کہا کہ ہم ایک ایسی معیشت بنانے کے لئے کام جاری رکھیں گے جس میں تمام پاکستانیوں کے لئے مواقع دستیاب ہوں۔ واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشین ڈویلپمنٹ آوٹ لْک رپورٹ اپریل 2024ء جاری کی ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے اقتصادی اصلاحات کو اہم قرار دیا ہے۔

آوٹ لک رپورٹ میں رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی شرح نمو 1.9 فیصد رہنے کی توقع کا اظہار کیا ہے۔ آئوٹ لک رپورٹ میں پاکستان کی آئندہ مالی سال کے لئے شرح نمو 2.8 فیصد ہونے کا تخمینہ  لگایا  گیا  ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں آئندہ مالی سال کے دوران مہنگائی میں مزید کمی آنے کی امید ہے جبکہ مہنگائی کی شرح 15 فیصد تک آ جائے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.