بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے پالیسیاں بنائیں گے، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان،آئی سی سی آئی کے صدر اور جنرل سیکرٹری سے ملاقات

image

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت بزنس فرینڈلی ہے، تاجربرادری کی مشاورت سے تمام پالیسیاں بنائیں گے اور ملک بھر کے تمام چیمبرز کو اپنے ساتھ لے کر چلیں گے،معاشی بحران کا حل اولین ترجیح ہے،معیشت کے استحکام کیلئے بزنس کمیونٹی کے تعاون کے خواہاں ہیں،کاروبار میں آسانیوں کیلئے تاجر برادری کو سہولت فراہم کرینگے، سرمایہ کاری اور مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل طور پر سہولت فراہم کرنے کا مشن اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کا پختہ عزم لے کر آئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدرآئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری اور سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ آئی سی سی آئی کے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہاکہ تجارت کے حجم کو بڑھائیں گے خاص طور پر کان کنی، لائیو سٹاک اور ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں میں جدت لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہونے اور جدید طریقوں کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ روایتی تجارتی نقطہ نظر سے آگے بڑھنے اور عالمی منڈی میں پاکستان کی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لیے فعال اقدامات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی سمیت ملک بھر کے عوام کو حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ مشکل دور اور حالات خراب ہیں ان میں بہتری کیلئے حکومت سے بھرپور تعاون کرینگے،معاشی استحکام کیلئے حکومتی کاوشوں میں اپنا ہاتھ بٹائیں گے۔ احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان آئی ٹی، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں کی برآمدات کو بہتر فروغ دینے کی عمدہ صلاحیت رکھتا ہے،

لہذابزنس کمیونٹی حکومت کے ساتھ مل کر برآمدی شعبے کے مسائل کو حل کرنے اور برآمدات کے فروغ کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی ملک میں کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں کو بہتر کرنے کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا،حکومت ملک کے تمام چیمبرز آف کامرس اور ایسوسی ایشنز کی مشاورت سے بجٹ تجاویز پر کام شروع کرے تاکہ حکومت کو آئندہ بجٹ کے لیے بزنس کمیونٹی کی آراء پر مبنی تجاویز کی ایک جامع دستاویز پیش کی جا سکے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.