معاشی استحکام کے بعد سرمایہ کاری اور نجی شعبے کی ترقی پر توجہ مرکوز ہے، خرم شہزاد

image

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی استحکام کی بحالی میں نمایاں پیش رفت کی ہے، اب پائیدار اور جامع معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا تسلسل، نجی شعبے کی شمولیت اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔

لاہور میں منعقدہ چھٹی فیوچر آف ریٹیل کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ مالیاتی استحکام، بیرونی شعبے کی بہتر صورتحال، اخراجات میں نظم و ضبط اور جاری ساختی اصلاحات کے ذریعے ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالیاتی خسارے میں کمی، ٹیکس نیٹ بڑھانے اور محصولات میں اضافے کی کوششوں کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے، جو مالی سال 2022-23 کے دوران انتہائی کم سطح پر پہنچ گئے تھے۔

وزیر خزانہ کے مشیر کے مطابق عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی، اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور بیرونی معاشی غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان نے ان چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے معاشی لچک کا مظاہرہ کیا ہے، جبکہ مضبوط معاشی بنیادیں بحالی اور ترقی کے لیے زیادہ مستحکم بنیاد فراہم کر رہی ہیں۔

خرم شہزاد نے کہا کہ معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کے ساتھ پالیسی اور ساختی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنا ضروری ہے، اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور پائیدار معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی بہتری کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیوں، روزگار کے مواقع، عوام کی قوت خرید اور صارفین کی طلب میں اضافے کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا۔

ریٹیل سیکٹر کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ ریٹیل اب محض اشیا کی فروخت کا ذریعہ نہیں بلکہ کھیتوں، فیکٹریوں، مالیاتی اداروں اور خاندانوں کو باہم جوڑنے والا اہم معاشی شعبہ بن چکا ہے۔ ایک فعال اور مسابقتی ریٹیل سیکٹر مضبوط سپلائی چین، کاروباری توسیع، روزگار کے مواقع اور مجموعی معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ یہ شعبہ کاروباری سرگرمیوں، روزگار اور معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

خرم شہزاد نے بتایا کہ وزیراعظم کی ایکسیس ٹو فنانس انیشی ایٹو کے تحت ایکسپورٹ فنانس اسکیم میں ایس ایم ای برآمد کنندگان کے لیے 300 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے انہیں ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے اور برآمدی مسابقت بڑھانے کے لیے مخصوص مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری اداروں کے لیے مالی وسائل تک رسائی بہتر بنانا، کاروبار کو دستاویزی شکل دینا اور ایسا سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے جس میں چھوٹے کاروبار وسعت اختیار کر سکیں، سرمایہ کاری کر سکیں اور رسمی معیشت میں زیادہ مؤثر کردار ادا کریں۔

خرم شہزاد نے کہا کہ حکومت کا معاشی ایجنڈا معاشی استحکام کو مستحکم کرنے، ساختی اصلاحات تیز کرنے، سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور نجی شعبے کو معاشی توسیع میں قائدانہ کردار دینے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے اگلے مرحلے میں معاشی استحکام کو زیادہ سرمایہ کاری، مضبوط کاروباری سرگرمیوں، روزگار کے وسیع مواقع اور عوام کی معاشی بہبود میں عملی بہتری میں تبدیل کرنا ہوگا، جس کے لیے مسلسل اصلاحات اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی ضروری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US