پیٹرول پمپ مالکان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر ردوبدل کرنے کی درخواست کردی۔
پیٹرول پمپ مالکان کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیے گئے خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے باعث پمپ مالکان کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ کے باعث کاروباری منصوبہ بندی اور پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک کا انتظام بھی مشکل ہوگیا ہے۔ قیمتوں میں کمی کی صورت میں پمپ مالکان کو پہلے سے مہنگے داموں خریدا گیا پیٹرول کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے، جس سے انہیں براہِ راست مالی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔
پیٹرول پمپ مالکان نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا موجودہ طریقہ کار تبدیل کرکے ماہانہ بنیادوں پر قیمتوں کا تعین کیا جائے تاکہ کاروباری معاملات میں استحکام پیدا ہوسکے اور مالکان کو مسلسل مالی نقصان سے بچایا جاسکے۔