وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ تجارتی جہازوں اور ماہی گیری کی کشتیوں کی رجسٹریشن کا آن لائن نظام فعال کر دیا گیا ہے جس سے رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔
اپنے بیان میں وزیر بحری امور نے کہا کہ ڈیجیٹل رجسٹریشن سے درخواست گزاروں کا قیمتی وقت اور پیسہ بچے گا جبکہ بحری انتظامی امور میں شفافیت اور کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ رجسٹریشن فیس کی آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی جلد متعارف کرائی جائے گی۔ عوام کو بہتر، آسان اور مؤثر سرکاری خدمات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، ڈیجیٹل نظام اسی سلسلے کی اہم کڑی ہے۔