وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہا اور مارکیٹ نے کاروبار کا مثبت اختتام کیا۔
کاروباری دن کے دوران ہنڈریڈ انڈیکس میں 3390 پوائنٹس تک کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مارکیٹ میں 170,000، 171,000 اور 172,000 پوائنٹس کی تین اہم حدیں بحال ہوگئیں۔ٹریڈنگ کے اختتام پر 100 انڈیکس 2696 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 172,400 پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسٹاک تجزیہ کاروں کے مطابق بجٹ میں معیشت کے مختلف شعبوں کے لیے متوقع ریلیف اور مراعات کی توقعات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا جس کے باعث مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ پیش رفت اور وفاقی بجٹ سے وابستہ مثبت توقعات نے بھی سرمایہ کاروں کو متحرک رکھا۔ اس کے علاوہ ترسیلات زر میں اضافہ، روپے کی مضبوطی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی جیسے عوامل بھی مارکیٹ کے لیے سازگار ثابت ہوئے۔
اسٹاک مارکیٹ کے ماہر شہریار بٹ کے مطابق موجودہ معاشی اشاریے اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ اسٹیٹ بینک کو شرح سود میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔