دنیا میں کسے آگ لگانی نہیں آتی
Poet: اعجاز اسد By: ساجد ہمید, Rawalpindiدنیا میں کسے آگ لگانی نہیں آتی
افسوس مگر سب کو بجھانی نہیں آتی
تا حد نظر دشت ہے کیوں بیٹھے ہوئے ہو
لگتا ہے تمہیں خاک اڑانی نہیں آتی
وہ شوخ ہے باتوں میں لگا رہتا ہے اکثر
سنتا ہوں مجھے بات بنانی نہیں آتی
بستر کی ضرورت ہی نہیں نیند کو پیارے
کیا جسم کی چادر ہی بچھانی نہیں آتی
بجھتی ہی نہیں آگ لگی ہے جو جگر میں
لیکن مرے اشکوں میں روانی نہیں آتی
خوشبو سے مہکتی ہی نہیں رات ہماری
خوابوں میں اگر رات کی رانی نہیں آتی
نادان مری میز کے شیشے پہ گرے ہیں
اشکوں کو بھی تصویر بنانی نہیں آتی
میں خود بھی کھلونوں کا طرف دار رہوں گا
جب تک مرے بچوں پہ جوانی نہیں آتی
میں صرف حقیقت ہی بیاں کرتا ہوں اعجازؔ
افسانہ نہیں آتا کہانی نہیں آتی
More Sad Poetry






