حکومت ڈیجیٹل میڈیا اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے یکطرفہ قانون سازی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کی نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے وفد سے گفتگو

image

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل میڈیا اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے یکطرفہ قانون سازی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، اس معاملے پر تمام صحافتی تنظیموں اور پریس کلبوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافیوں کے لئے ہیلتھ انشورنس سکیم کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کی مستقل بلڈنگ کی تعمیر اور موجود بلڈنگ کی بہتری کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، این پی سی کے لئے سالانہ گرانٹ کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نیشنل پریس کلب کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پریس کلب کو مستقل گرانٹ کی فراہمی یقینی بنانے کا ارادہ رکھتی ہے، وزیر خزانہ سے ملاقات کر کے مالی بجٹ میں پریس کلب کے لئے سالانہ گرانٹ مختص کرانے کے معاملے پر بات کی جائے گی۔ اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی نے کہا کہ حکومت پریس کلب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، صحافیوں کو موجودہ دور میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔

قائم مقام سیکریٹری نیشنل پریس کلب عون شیرازی نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد کی صحافتی کمیونٹی کیلئے میڈیا ٹاون فیز ٹو بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کو ورکرز کی تنخواہوں کے ساتھ مشروط کرنا اہم قدم ہو گا۔ وفد میں صدر اظہر جتوئی، قائم مقام سیکریٹری عون شیرازی، سیکریٹری فنانس وقار عباسی اور گورننگ باڈی کے اراکین شامل تھے۔ اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.