آئی ایم ایف سے معاملات میں پیشرفت، پاکستان سٹاک ایکسچینج نے پرانے ریکارڈ توڑ دیے

image

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز زبردست تیزی کا رجحان دیکھا گیا، مارکیٹ تمام پرانے ریکارڈ توڑتے ہوئے 75 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گئی ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے قرض کی منظوری اور دوست ممالک کے تعاون کی وجہ سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے، سرمایہ کار اب پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدھ کو ایک بار پھر تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ کاروبار سے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مثبت رجحان ریکارڈ کیا گیا۔ 

گزشتہ روز 74 ہزار 531 پوائنٹس پر بند ہونے والی مارکیٹ نے کاروباری اوقات کے پہلے حصے میں 75 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر لی ہے۔

سٹاک بروکرز کے مطابق بدھ کے روز مارکیٹ میں گیارہ بجے تک 532 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اس کے اضافے کے بعد مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح 75 ہزار 63 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

ایکسچینج کمپنیز آف پاکستان کے سیکریٹری ظفر پراچہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستان میـں سٹاک مارکیٹ میں مسلسل اضافے کی کئی وجوہات ہیں لیکن سب سے اہم وجوہات میں پہلی آئی ایم ایف سے معاملات کا مثبت سمت میں جانا ہے جبکہ دوسری اہم وجہ دوست ممالک خاص کر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کا پاکستان سے مکمل تعاون شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب بہت مثبت رہا ہے، ایک جانب سعودی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے، سعودی عرب کے بزنس وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ بھی کیا ہے اور کئی شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔‘

ٹاپ لائن سیکیوٹیز کے محمد سہیل کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ 

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آئی ایم ایف سے معاملات جاری ہیں، سرمایہ کاروں کا مارکیٹ پر اعتماد بڑھ رہا ہے اور کاروبار میں مسلسل تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

ٹاپ لائن سیکیوٹیز کے مطابق اس وقت سرمایہ کار فرٹیلائز، ای ایڈ پی اور بینکنگ سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

معاشی امور کے ماہر عبدالعظیم کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی پاکستان کے لیے خوش آئند ہے، الیکشن کے بعد بننے والی حکومت کے سامنے کئی چیلنجز ہیں، ان سے سب سے اہم چیلنج معیشت کی بہتری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری کے لیے بہت سے اقدامات کیے جارہے ہیں، ایسے میں دوست ممالک میں تعاون اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعظم سمیت دیگر ذمہ داران مسلسل بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہ عمل خوش آئند ہے۔

عبدالعظیم کا کہنا تھا کہ ملک کے حالات بہتر ہوں گے اور سرمایہ کاروں کو اپنا سرمایہ محفوظ نظر آئے تو ہی وہ سرمایہ کاری کریں گے۔ ’آئی ایم ایف سے بروقت مذاکرات کے عمل سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ موجودہ صورتحال میں معاشی معاملات کو بہتر کرنے کے لیے حکومت کو مزید سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.