عازمین حج کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے ’’روٹ ٹو مکہ‘‘ پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری

image

ریاض ۔14مئی (اے پی پی):عازمین حج اور عمرہ کو بہترین خدمات کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے سعودی پروگرام ’’روٹ ٹو مکہ‘‘ پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔ سعودی عرب اپنے قیام سے لیکر آج تک لاکھوں فرزندان توحید کی حفاظت اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے عزم پر نہ صرف کامیابی سے عملدرآمد کررہا ہے بلکہ روز بروز ان سہولتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ 25 اپریل 2016ء کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے وزیراعظم کی حیثیت سے سعودی وژن 2030ء کا آغاز کیا جس کا مقصد ضیوف الرحمان کو اعلیٰ معیار کی بہترین اور زیادہ سے زیادہ خدمات فراہم کرنا ہے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اعلیٰ قیادت کے وژن2030ء کو عملی جامہ پہنانا شروع کیا اور مکہ روٹ (مکہ راستہ) کے تحت اللہ کے مہمانوں کی میزبانی اور ان کے لئے خدمات کو بہترین بنانے کا آغاز کیا۔ اس پروگرام کا مقصد عازمین حج کو ان کے اپنے ہی ملک سے سفری اور دیگر سہولیات کی فراہمی ہے۔ 2018، 2019، 2022 اور 2023 میں بھی سعودی وزارت داخلہ نے ’’مکہ روٹ‘‘ پروگرام کے ذریعے عازمین کو سعودی عرب میں داخلے سے قبل ان کے متعلقہ ممالک میں بہترین خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تاکہ انہیں مناسک حج کی ادائیگی میں ہر قسم کی سہولت بہم پہنچائی جاسکے۔

اس سارے عمل میں تعاون اور خدمات کا جذبہ کارفرما رہا۔حج 2024ء بمطابق 1445 ہجری میں بھی وزارت داخلہ نے دیگر وزارتوں اور شراکت داروں جن میں وزارت خارجہ ، وزارت حج و عمرہ، وزارت صحت ، اعلام ، پبلک ایوی ایشن ایجنسی ، ڈیٹا اینڈ انٹیلی جنس ٹیکنالوجی شامل ہیں، کے ساتھ ملکر ’’مکہ روٹ‘‘ پر موثر عملدرآمد کررہی ہے۔ عازمین کو ان کے اپنے ہی ملکوں کے ایئر پورٹس پر بائیو میٹرک ویزہ کا اجراء اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

سعودی عرب پہنچنے پر اللہ کے مہمانوں کا مختلف رضا کار اور شراکت دار استقبال کرتے ہیں اور ان کے سفر کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہیں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں خصوصی بسوں کے ذریعے ان کی رہائش تک پہنچایا جاتا ہے جہاں ان کی ضیافت اور آرام اور سہولت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔\


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.