سعودی ولی عہد کا دورۂ پاکستان مئی میں ’کسی بھی وقت‘ متوقع ہے: وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار

image

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان متوقع ہے اور مئی کے مہینے میں کبھی بھی اسلام آباد آ سکتے ہیں۔

عرب نیوز کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ سعودی ولی عہد کے دورے کے حوالے سے ’حتمی تاریخیں ہمیں وہاں (سعودی عرب) سے موصول ہوں گی۔ وزارت خارجہ میں ہم ان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور فی الحال ان کے دورے کا امکان ہے۔‘

اسحاق ڈار کے مطابق رمضان کے مہینے میں وزیراعظم شہباز سے ملاقات کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دورے کی دعوت قبول کی تھی۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ’انہوں (سعودی ولی عہد) نے کہا تھا کہ وہ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (جی ٹو جی) اوربزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) کے ابتدائی اجلاسوں کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔‘

اسحاق ڈار کا یہ بیان دونوں ممالک کے درمیان اعلٰی سطح پر ہونے والی ملاقاتوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ شہباز شریف نے وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، جس کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی پاکستان آئے تھے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کے متوقع دورہ پاکستان کی واشنگٹن حمایت کرتا ہے اور اپنے شراکت داروں کے درمیان رابطوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

حالیہ چند ہفتوں سے پاکستان اور سعودی عرب دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ ماہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مملکت کی جانب سے پاکستان کے لیے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے پیکچ کے مرحلے کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپریل میں سعودی عرب کے دورے کے دوران ولی عہد سے ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے پر بات چیت کی تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.