یوم مزدورہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہداکی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے،وفاقی وزیر داخلہ کا پیغام

image

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا ہے کہ محنت کشوں کے عالمی دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہدا کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے،محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں۔محنت کشوں کے عالمی دن پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر پاکستان کی تمام افرادی قوت کو دلی مبارکباد دیتا ہوں اور ان کے لئےنیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔

محسن نقوی نے کہا کہ یہ دن ہمیں جبر و استبداد کے خلاف شکاگو کے شہداکی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔محنت کش ہمارے ہیرو ہیں جو رزق حلال کما کر معیشت کو مضبوط کرتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں محنت کشوں کی بہادرانہ جدوجہد کو خراج تحسین کرتے ہیں۔محنت کش کو اللہ کا دوست قرار دے کر اس کی عظمت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ محنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں کیونکہ ان کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی و کامیابی کے راستے پر نہیں چل سکتی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پیداوار کی بڑھوتری کیلئے مزدوروں کو جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔تیز رفتار، جامع اور پائیدار ترقی کا ہدف صرف محنتی، لگن اور پرعزم افرادی قوت کی وجہ سے حاصل ہو تا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ ہر سال یوم مزدور ہمیں دنیا بھر میں اپنی قوموں کی ترقی و خوشحالی کے لیے محنت کشوں کی قربانیوں اور انمول شراکت کا اعتراف کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔آج ہم محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی اجتماعی بھلائی کیلئے اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.