لندن کی سڑکوں پر فوجی گھوڑے بے قابو، چار افراد کو زخمی کرنے کے بعد پکڑے گئے

image

لندن میں آج صبح مشقوں کے دوران فوجی گھوڑے اپنی پناہ گاہ سے اندھا دھند دوڑتے ہوئے شہر کے وسط میں پہنچ گئے جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا۔

سکائی نیوز کے مطابق گھوڑے کاروں سے ٹکرائے اور ایک بس کی ونڈ سکرین توڑ دی۔ ان میں سے ایک گھوڑا خون میں لت پت تھا۔

دو گھوڑوں کو زینوں اور لگاموں کے ساتھ الڈ وِچ کے قریب سڑک پر بغیر سوار کے دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔

فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’آج صبح معمول کی مشق کے دوران فوجی گھوڑوں کی ایک بڑی تعداد نے دوڑیں لگا دیں۔

ترجمان نے کہا کہ ’اب تمام گھوڑے کیمپ میں واپس آ گئے ہیں۔ متعدد اہلکار اور گھوڑے زخمی ہوئے ہیں اور انہیں مناسب طبی امداد دی جا رہی ہے۔‘

سٹی آف لندن پولیس نے کہا کہ انہیں آج صبح 8.30 بجے کے قریب ایک کال موصول ہوئی اور یہ کہ دو گھوڑے لائم ہاؤس کے قریب ہائی وے پر پکڑے گئے ہیں۔ بعد میں انہیں ویٹرنری کیئر حاصل کرنے کے لیے لے جایا گیا۔

میٹروپولیٹن پولیس نے صبح 10.30 بجے ایک بیان میں کہا کہ تمام گھوڑوں کو پکڑ لیا گیا ہے۔

پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ’ہمیں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ تمام گھوڑوں کو پکڑ لیا گیا ہے۔ ہم فوج کے ساتھ رابطے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایمبولینس جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی تھی۔‘

لندن ایمبولینس سروس کے ترجمان نے کہا کہ ’ہمیں آج صبح 8:25 پر بکنگھم پیلس روڈ پر ایک شخص کو گھوڑے سے پھینکے جانے کی اطلاع پر بلایا گیا۔

’ہم نے جائے وقوعہ پر امدادی ٹیموں کو بھیجا جن میں ایمبولینس کا عملہ، فاسٹ رسپانس کار میں ایک پیرامیڈک، اور ایک واقعہ رسپانس آفیسر شامل تھے۔‘

’ہمارا پہلا پیرامیڈک پانچ منٹ میں جائے وقوعہ پر تھا۔ ہم نے جائے وقوعہ پر ایک مریض کا علاج کیا اور اسے ہسپتال لے گئے۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.