سڈنی شاپنگ مال حملہ، آسٹریلوی وزیراعظم کا پاکستانی سکیورٹی گارڈ کو شہریت دینے کا عندیہ

image

آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البنیزے نے سڈنی کے شاپنگ مال میں ہونے والے حملے کے واقعہ میں زخمی ہونے والے پاکستانی سکیورٹی گارڈ کو شہریت دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البنیزے نے جمعرات کو کہا ہے کہ وہ سڈنی کے شاپنگ سینٹر میں چاقو کے حملے میں زخمی ہونے والے پاکستانی سکیورٹی گارڈ کو شہریت دینے کے بارے میں سوچیں گے۔

محمد طحٰہ نامی سکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ انہیں زخمی ہونے کے بعد شہریت ملنی چاہیے، وہ اس کے حقدار ہیں۔

آسٹریلوی اخبار’ دی آسٹریلین‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد طحٰہ نے کہا کہ انہیں ویسٹ فیلڈ شاپنگ سینٹر میں حملہ آور نے ایک اور پاکستانی سکیورٹی گارڈ فراز طاہر کو چاقو مار کر قتل کرنے کے بعد نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ اس حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے جن میں فراز طاہر بھی شامل ہیں۔

دی آسٹریلین کے مطابق محمد طحہٰ کا گریجویٹ ویزا ایک مہینے کے بعد ختم ہونے والا ہے۔

جب ایک ریڈیو اںٹرویو میں وزیراعظم انتھونی البنیزے سے پوچھا گیا کہ کیا آسٹریلوی حکومت محمد طحٰہ کو شہریت دینے کے بارے میں سوچے گی تو اس پر انہوں نے کہا کہ ’جی ہاں، یقینی طور پر ایسا ہوگا۔‘

وزیراعظم نے حملے میں ہلاک ہونےوالے فراز طاہر کی موت کو ’سانحہ‘ قرار دے دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اور وہ دوسرا شخص، محمد طحٰہ، جس نے حملہ آور کو روکا۔ یہ عمل غیر معمولی ہمت کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں نے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال کر آسٹریلوی شہریوں کو بچایا۔‘

دوسری جانب وزیراعظم انتھونی البنیزے نے کہا ہے کہ حملہ آور کو روکنے والے فرانسیسی شہری ڈیمین گیوروٹ کو مستقل شہریت دی جائے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.