سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے گرفتار، ’تعلق بشنوئی گینگ سے‘

image

ممبئی پولیس نے ان دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعوٰی کیا ہے جنہوں نے مبینہ طور بالی وڈ اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی تھی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد موٹر سائیکل پر باندرا میں اداکار کے گھر کے باہر پہنچے تھے اور وہاں گولیاں چلانے کے بعد فرار ہو گئے تھے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں افراد نے ٹوپیاں پہن رکھی ہیں، اس کے بعد دونوں کو سلمان خان کے گھر کی طرف فائرنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کا تعلق لارنس بشنوئی کے گینگ سے ہے۔

لارنس بشنوئی اس وقت تہاڑ جیل میں ہیں، ان پر کئی ہائی پروفائل قتلوں میں ملوث ہونے کے الزامات اور مقدمات ہیں جن میں پنجابی گلوکار سدھو موسے والا، راجپوت لیڈر اور کرنی سینا کے سربراہ سکھدیو سنگھ سمیت کئی دوسرے کیس بھی شامل ہیں۔

سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے ایک انٹرنیٹ پوسٹ کے ذریعے واقعے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور اسے ایک ’اشارہ‘ قرار دیتے ہوئے اداکار کو وارننگ دی۔

واقعے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کو ماؤنٹ میری چرچ کے قریب چھوڑ دیا گیا تھا جو کہ سلمان خان کے گھر سے تھوڑے فاصلے پر واقع ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر پولیس پینول اشوک راجپوت کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پینول کے رہائشی ایک شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے جو اس نے حال ہی میں فروخت کی تھی۔

واقعے کے بعد سلمان خان کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

اداکار کو کہا گیا ہے کہ وہ کہیں جانے سے قبل پولیس کو آگاہ کریں اور زیادہ وقت گھر پر ہی گزارنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

خیال رہے اتوار کو انڈین میڈیا میں سامنے آنے والی خبر میں بتایا گیا تھا کہ ’نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اداکار کے گھر کے باہر گولیاں چلائیں اور فرار ہو گئے۔‘

 واقعے کے بعد پولیس نے فائرنگ کرنے والوں کی تلاش شروع کر دی تھی۔

پچھلے برس نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ سلمان خان جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کی گینگ کے 10 بڑے اہداف میں شامل ہیں۔

این آئی اے کا کہنا ہے کہ سلمان خان بشنوئی گینگ کے 10 بڑے اہداف میں شامل ہیں (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)

این آئی اے کے مطابق بشنوئی گینگ اداکار کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کی وجہ اداکار کی جانب سے 1998 میں کیا جانے والا کالے ہرن کا شکار ہے، جس پر بشنوئی کمیونٹی برہم ہوئی تھی۔

لارنس بشنوئی نے کچھ عرصہ قبل انکشاف کیا تھا کہ سمپت نہرا نامی شخص کو اداکار کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجا گیا تھا جس نے ان کے گھر کی نگرانی بھی کی تھی اور منصوبے پر عمل سے قبل پولیس کی نظر میں آ گیا تھا اور اس کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

پچھلے برس 11 اپریل کو بھی اداکار کو دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد سلمان خان کے گھر کی سکیورٹی کو بڑھاتے ہوئے وائے پلس کا سٹیٹس دے دیا گیا تھا۔

ان کو مبینہ طور پر برطانیہ میں مقیم ایک انڈین طالب علم کی جانب سے دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی تھی، جس کے بعد اس کے خلاف لُک آؤٹ سرکلر بھی جاری کیا گیا تھا۔

 اسی طرح ایک دھمکی آمیز خط سلمان خان کے والد کو بھی اس وقت دیا گیا تھا جب وہ ایک پارک میں واک کر رہے تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.