پاکستان نیوی کے فلوٹیلا نے عمان کی بندرگاہ سلطان قابوس کا دورہ کیا، جس میں سیل شپ پی این ایس رہ نورد، پی این ایس مددگار اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) کا جہاز پی ایم ایس ایس کشمیر شامل تھا۔ عمانی حکام نے پاکستانی بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران مشن کمانڈر اور جہازوں کے کمانڈنگ افسران نے رائل نیوی آف عمان (آر این او) کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں قائم مقام کمانڈر رائل نیوی آف عمان، ڈائریکٹر جنرل آپریشنز اینڈ پلانز، کمانڈر میری ٹائم سیکیورٹی سینٹر، کمانڈر سعید بن سلطان نیول بیس اور کمانڈنٹ سلطان قابوس نیول اکیڈمی شامل تھے۔
پورٹ کال کے بعد پاکستان نیوی اور پی ایم ایس اے کے جہازوں نے رائل عمان نیوی کے جہاز خَصَب کے ساتھ پاسج ایکسرسائز میں حصہ لیا۔ اس سمندری مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ تربیتی سرگرمیوں کے ذریعے تجربات کا تبادلہ تھا۔
پاکستان اور عمان بحری ہمسائے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دورے، پورٹ کالز اور مشترکہ مشقیں باقاعدگی سے منعقد ہوتی رہتی ہیں۔