شبمن گِل نے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے ڈراپ ہونے پر خاموشی توڑ دی

image

بھارتی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شبمن گِل نے رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ سے ڈراپ ہونے پر آخرکار خاموشی توڑ دی۔

حالیہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس اور سیریز کے دوران شبمن گِل کی کارکردگی تسلی بخش دکھائی نہیں دی جس کی وجہ سے ٹیم انتظامیہ نے 'ٹیم کمپوزیشن' پر توجہ دیتے ہوئے انہیں اسکواڈ سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے مقابلے سے قبل شبمن گِل نے اس حوالے سے کہا کہ 'میں سلیکٹرز کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور ورلڈ کپ میں ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

گِل کا مزید کہنا تھا کہ 'میں وہیں ہوں جہاں مجھے ہونا ہے اور جو کچھ میری قسمت میں لکھا ہے وہ مجھ سے کوئی نہیں چھین سکتا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ایک کھلاڑی کو ہمیشہ یقین ہوتا ہے کہ وہ ملک کے لیے اپنی پوری کوشش کرے گا اور سلیکٹرز کو اپنا فیصلہ لینا ہوتا ہے، جو وہ اپنے مطابق لیتے ہیں'۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت سوریا کمار یادیو کریں گے۔

ابھیشک شرما، سنجو سیمسن، تلک ورما، ہاردک پانڈیا اور شیوم ڈوبے بھی بھارتی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

اس کے علاوہ اکشر پٹیل، رنکو سنگھ، جسپریت بمراہ، ہرشیت رانا، اور ارشدیپ سنگھ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ کلدیپ یادیو، ورن چکرورتی، واشنگٹن سندر اور ایشان کشن کو بھی بھارتی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US