خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں ایم پی اے طارق ایارنی کو بھتہ کی کال موصول ہوگئی، جس کی تصدیق خود انہوں نے کردی ہے اور تھانہ سی ٹی ڈی میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کردی گئی ہے۔
درج ایف آئی آر میں بھتہ خوروں کی جانب سے واٹس ایپ وائس میسجز کے ذریعے 2 کروڑ روپے بھتہ طلبی کا الزام لگایا گیا ہے جبکہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ پر وائس میسجز کرنے والوں نے خود کو ٹی ٹی پی کا نمائندہ ظاہر کیا۔
بھتہ کی کال موصول ہونے کے حوالے سے پولیس کو درج کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھتہ نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، بھتہ طلب کرنے کے لیے افغانی نمبر سے واٹس ایپ میسجز بھیجے جا رہے تھے۔ اس دوران مبینہ طور پر بھتہ خوری میں مقامی شہریوں کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم پی اے طارق ایارنی نے سابقہ ناظم نیشنل پارٹی کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرائی اور ملزم جبران پر بھتہ وصولی کے لیے میسجز بھیجنے کا الزام عائد کیا، اس کے بعد سی ٹی ڈی پولیس نے ملزم جبران اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔