درود شریف کے فضائل اور برکتیں

میرے محترم اور معزز پڑھنے والوں کومیرا آداب
حضور صلی اللہ علیہ والیہ وسلم نے اشاد فرمایا کہ بدبخت ہے وہ انسان جس کے سامنے میرا ذکر ہو اور وہ مجھ پر درود نہ بھیجے صلی اللہ علیہ وسلم ۔ آج کی ہماری تحریر درود پاک یعنی درود شریف کی فضیلت اور اس کی اہمیت کے بارے میں ہے ۔درود شریف دراصل ہمارے لئیے ایک مکمل معلم بھی ہے ایک استاد بھی ہے ایک ڈاکٹر بھی ہے ایک حکیم بھی ہے ایک راستئہ نجات بھی ہے یعنی دنیا میں رہتے ہوئے اور زندگی گزارتے ہوئے ہمارے لئے سب کچھ ہے قران مجید فرقان حمید کی سورہ الاحزاب کی آیت نمبر 56 جو مدنی سورت ہے اس میں اللہ تبارک و تعالی کا ارشاد ہے کہ ( بےشک اللہ اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں تو اے ایمان والوں تم بھی ان پر درود اور خوب سلام بھیجو ) اس آیت مبارکہ میں اللہ تبارک وتعالی نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی شان بیان کرتے ہوئیےفرمایا کہ میرے فرشتے اور میں خود میرے حبیب صلی اللہ علیہ والیہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں مطلب یہ کہ اب میرے ہر بندے پر یہ لازم ہوگیا کہ وہ بھی صلی اللہ علیہ والیہ وسلم پر درود اور خوب سلام بھیجےاگر آخرت میں اپنی بخشش چاہیئے۔

حافظ محمد بن عبد الرحمان سخاوی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ اس آیت میں لفظ یصلون کا استعمال ہوا ہے جو ہمیشگی پر دلالت کرتا ہے یعنی اللہ تبارک وتعالی اور اس کے فرشتے ہمیشہ ہمیشہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ والیہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں اللہ تعالی اپنے بندوں پر کتنا مہربان ہے اس کی رحمت اپنے بندوں کی بخشش کے بہانے تلاش کرتی رہتی ہے صلی اللہ علیہ والیہ وسلم پر درود وسلام پڑھکر بھیجنا بھی بخشش کا ذریعہ ہے احادیث میں بھی درود شریف پڑھنے کی بکثرت ترغیب دلائی گئی ہے اور بیسیوں مقامات پر اس کے فضائل بیان کئے گئے ہیں حضرت انس بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ روایت کرتے ہیں کہ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم نے فرمایا جب ( اللہ تبارک وتعالی کے لئے ) محبت رکھنے والے دو بندے آپس میں ملتے ہیں اور مجھ پر درود بھیجتے ہیں تو ان کے آپس میں الگ ہونے سے پہلے اللہ تبارک وتعالی ان کے اگلے پچھلے گناہوں کو معاف کردیتا ہے ( ابو یعلی،المسند ، 304:5 ،رقم ، 2960 ) ۔بلکل اسی طرح ایک دفعہ حضرت علی کرم اللہ وجہ الکریم کے پاس ایک سائل آیا اور کہنے لگا کہ مجھے کچھ دیجئے میں تنگدست ہوں لیکن اس وقت حضرت علی کرم اللہ وجہ الکریم کے پاس دینے کو کچھ بھی نہ تھا آپ رضی اللہ تعالی عنہ نے دس بار درود پاک پڑھکر اس کی ہتھیلی پر پھونک ماری اور فرمایا کہ اسے بند کرلو باہر جاکر جب اس سائل نے ہتھیلی کھولی تو وہ سونے کے دیناروں سے بھری ہوئی تھی۔

میرے معزز اور محترم پڑھنے والوں حضرت امام خواجہ حسن بصری رحمتہ اللہ تعالی علیہ کے دور میں ایک خاتون نے خواب دیکھا کہ اس کی بیٹی بڑے عذاب میں مبتلا ہے اور جہنم کی آگ اس پر مسلط کردی گئی ہے تو وہ خاتون یہ سب دیکھکر ڈر گئی اور جب صبح ہوئی تو خواجہ حسن بصری رحمتہ اللہ علیہ کے دربار میں حاضر ہوگئی اور سارا واقعہ بیان کرنے کے بعد کہنے لگی کہ میں یہاں سے اس وقت تک نہیں جائوں گی جب تک آپ علیہ رحمتہ اس کا خلاصہ مجھے نہیں فرمادیتے یا اس خواب کی خقیقت سے مجھے آشناء نہیں فرمادیتے آپ علیہ رحمتہ نے کچھ توقف کیا اور اس کے بعد فرمایا کہ تم جائو اور کل آنا یہ سن کر وہ عورت چلی گئی جب رات کا وقت آیا اور آپ علیہ رحمتہ آرام کرنے کے لئے لیٹے تو آپ علیہ رحمتہ کی آنکھ لگ گئی اور آپ علیہ رحمتہ نے دیکھا کہ بڑا خوبصورت منظر ہے اور چند جنتی عورتیں جنت میں کھڑی باتیں کررہی تھیں آپ علیہ رحمتہ نے قریب جاکر دیکھا تو ان میں ایک بہت خوبصورت لڑکی بھی تھی آپ علیہ رحمتہ نے فرمایا تم کون ہو تو اس نے کہا کہ جو عورت آپ علیہ رحمتہ سے مدد مانگنے آئی تھی میں ہی اس کی بیٹی ہوں یہ سن کر آپ علیہ رحمتہ نے فرمایا لیکن تمہاری ماں نے تو بتایا تھا کہ تم جہنم کے اندر عذاب میں مبتلا ہو تو اس نے کہا کہ ہاں یہ ٹھیک ہے لیکن رات ایک نوجوان اس قبرستان میں آیا اور اس نے درود پاک پڑھ کر وہاں پر موجود سارے مدفن لوگوں کو بخش دیا جس کے نتیجے میں اللہ تبارک وتعالی نے ہمارے گناہوں کو نیکیوں میں بدل کر ہمیں جنت میں بھیج دیا اور سب یہاں موجود ہیں ۔
اب دیکھیں ایک شخص کے درود پاک پڑھنے کی برکت سے اس قبرستان مین موجود سارے لوگوں کی بخشش ہوگئی یہ ہے درود پاک پڑھنے کی برکت اور فضائل اس لئے جتنا ہوسکے درود پاک کے نزرانے صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کے حضور پیش کرتے رہیں سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کا فرمان عالیشان ہے کہ جو شخص مجھ پر ایک بار درود پڑھے گا اللہ تبارک وتعالی اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا جو شخص دس بار درود پڑھے گا اللہ تبارک وتعالی اس پر سو رحمتیں نازل فرمائے گا اور جو شخص مجھ پر سو بار درود پڑھے گا اللہ تبارک وتعالی اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان لکھ دیتا ہے کہ یہ نفاق اور جہنم کی آگ سے آزاد ہے اور اسے بروز قیامت شہداء کے ساتھ رکھا جائے گا۔( معجم اسط ج ہ ص252 حدیث 2735 ) ۔

میرے محترم اور معزز پڑھنے والوں حضور صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن عصر کی نماز پڑھ کر وہیں پر بیٹھا رہا اور اٹھنے سے پہلے مجھ پر 80 مرتبہ درود پڑھ لے تو اس کے 80 سال کے گناہ معاف ہوں گے اور 80 سال کی عبادات کا ثواب لکھ دیا جائے گا ۔
( فضائل درود ص43 القول البدیع للسخاوی ص 196 )

حضور پرنور صلی اللہ علیہ والیہ وسلم پر درود پاک پڑھنے کی برکت کا ایک خوبصورت واقعہ پیش خدمت ہے کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ تعالی عنہ کے دور خلافت میں ایک شخص تھا جو بہت مالدار تھا لیکن اس کا کردار اور اس کا اخلاق اچھا نہیں تھا جبکہ درود پاک سے اسے بہت محبت تھی وہ کبھی بھی درود پاک پڑھنے سے غافل نہیں رہتا تھا جب اس کی زندگی کا آخری وقت قریب آیا تو اس کا چہرہ سیاہ ہوگیا تھا اور بہت یادہ تنگی لاحق ہوگئی اس حالت میں اس نے ندا دی یعنی التجا کی کہ * اے اللہ تبارک و تعالی کے حبیب صلی اللہ علیہ والیہ وسلم میں نے تو درود پاک پڑھنے میں کبھی کوتاہی نہیں کی پھر میرے ساتھ ایسا کیوں * اچانک ایک پرندہ آسمان سے اڑتا ہوا آیا اور اپنا پر اس کے چہرے پر پھیرا تو چہرہ نور سے منور ہوگیا اور ایک خوشبو سی پھیل گئی اور اسطرح وہ ایمان کی حالت میں دنیا سے رخصت ہوگیا کسی نے خواب میں دیکھا کہ وہ زمین اور آسمان کے درمیان چل رہا ہے اور قران مجید کی یہ آیت مبارکہ پڑھ رہا ہے جس کا ترجمہ ہے کہ *بے شک اللہ تبارک وتعالی اور اس کے فرشتے نبی پر درود بھیجتے ہیں تو اے ایمان والوں ان پر درود بھیجو اور خوب سلام بھیجو (درتہ اناصھین صا172 )۔

میرے محترم اور معزز پڑھنے والوں مطلب یہ ہے کہ اس کا کردار اور اخلاق اچھے نہ تھے لیکن درود پاک کی برکت سے نہ صرف اس کا چہرہ منور ہوگیا بلکہ وہ ایمان کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوگیامیرے محترم پڑھنے والوں درود پاک کی کثرت سے ہماری دنیا بھی اباد ہوجائے گی اور آخرت بھی سنور جائے گی بروز محشر جب نامہ اعمال تولے جائیں گے اور اگر کسی مومن کی نیکیاں کم ہوجائیں گی اور گناہوں کا پلڑا بھاری ہوجائے گا تو وہ مومن پریشانی کے عالم میں یہاں وہاں دیکھ رہا ہوگا کہ اچانک صلی اللہ علیہ والیہ وسلم میزان پر تشریف لائیں گے اور چپکے سے اپنے پاس سے ایک بند پرچہ مبارک اس کے نیکیوں کے پلڑے میں رکھ دیں گے جسے رکھتے ہی اس نیکیوں کا پلڑا بھاری ہوجائے گا اس شخص کو معلوم ہی نہیں ہوگا کہ یہ کون تھے جو اس کا بیڑا پار کرگئے جب وہ آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کو دیکھے گا کہ اتنے سخی اور اتنے حسین و جمیل تو پوچھے گا کہ آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کون ہیں آپ نے مجھ پر کرم فرماکر مجھے جہنم کا ایندھن بننے سے بچالیا اور اس پرچہ میں کیا تھا جو میرے نیکیوں کے پلڑے میں رکھا تھا تو ارشاد ہوگا کہ میں تمہارا نبی ہوں اور اس پرچے میں وہ درود پاک تھے جو تم مجھے بھیجا کرتے تھے ۔تو اس سے یہ پتہ چلا کہ ہم جو درود شریف پڑھکر صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی بارگاہ میں ہھیجتے ہیں وہ نہ صرف پہنچتے ہیں بلکہ ہمیں ان کا اجر بھی ملتا ہے ۔

میرے محترم اور معزز پڑھنے والوں جتنا ہوسکے دروس شریف کو اپنی زندگی کے معمول کا ایک حصہ بنالیں اور جب اپ اس کو معمول کے ساتھ پڑھنا شروع کریں تو آپ کو اپنی زندگی میں نمایاں تبدیلی آتی ہوئی محسوس ہوگی جب نماز پڑھیں تو نماز کے بعد اور نماز سے پہلے درود پاک اور اللہ تبارک وتعالی کی حمد و ثناء کریں اور جب دعا کریں تو اس میں درود پاک کو شامل کرلیں پھر دیکھیں آپ کی دعا کیسے قبول ہوتی ہے۔ درود پاک کے فضائل و برکات کی تعداد لامحدود ہے درود پاک کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ اس کی برکت سے بندہ کو اللہ تبارک وتعالی اور اس کے حبیب کریم صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کا قرب حاصل ہوتا ہے ترمزی شریف میں حضرت ابن مسعود رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ والیہ وسلم نے فرمایا قیامت میں میرے سب سے زیادہ قریب اور میری شفاعت کا سب سے زیادہ حقدار وہ ہوگا جس نے سب سے زیادہ مجھ پر درود پڑھا ہوگا۔ لہذہ درود شریف کی برکتیں خوب خوب لوٹیں اور دوسروں کو بھی اس کا مشورہ دیں ۔درود پاک کی برکت اور فضیلت پر ایک حقیقی واقعہ جو صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کے ساتھ معراج کے سفر پر پیش آیا اور یہ واقعہ *درود شریف کی کرامات ، چند واقعات* کے عنوان سے شایع ہونے والے مضمون جو 2012 مئی میں ماہنامہ عبقری میں شایع ہوا تھا اور اسے ع م چوہدری نے لکھا تھا میں نے لیا ہے وہ لکھتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ والیہ وسلم نے فرمایا کہ حضرت جبرائیل علیہ السلام معراج کی رات ایک مقام تک لے جا کر رک گئے میں نے پوچھا کیا ہوا ؟ بصد آہ وزاری اپنی مجبوری کا اظہار کیااور عرض کیا اے مالک دوجہاں صلی اللہ علیہ والیہ وسلم میں آگے جانے سے عاجز ہوں اگر اس حد سے بال برابر بھی تجاوز کروں گا تو تجلیات الہی کے انوار مجھے جلا کر راکھ کردیں گےاپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی سرفرازی کا مقام بہت اعلی و بالا ہے آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم بلا خوف و خطر آگے برھتے جائیے حبیب خدا صلی اللہ علیہ والیہ وسلم نے فرمایا کہ میں نےجب جبرائیل علیہ السلام کو مجبور دیکھا تو فرمایا کہ اے جبرائیل تمہاری کوئی درخواست اللہ تبارک و تعالی کے حضور پیش کرنی ہو تو حضرت جبرائیل نے فرمایا کہ ہاں سرکار صلی اللہ علیہ والیہ وسلم اللہ تبارک و تعالی سے میرے لئیے اتنی اجازت لے لیجئیے گا کہ کل جب بروز قیامت آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی امت پل صراط سے گزرے تو آسانی سے گزرنے کے لئیے میں اپنے پر بچھادوں اور آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کے دل کو خوش کرسکوں آس پر آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم نے فرمایا اللہ تبارک و تعالی تمہاری اس خیرخواہی کے جزبے میں برکت عطا کرے اور آگے بڑھ گئے میرے مدنی آقا صلی اللہ علیہ والیہ وسلم جب بارگاہ رب العزت سے وآپس ہونے لگے تو اللہ تبارک و تعالی نے فرمایا محبوب آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم تو جانے لگے ہو لیکن جبرائیل نے جو درخواست دی تھی وہ کیوں پیش نہیں کی تو اپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم نے فرمایا اے اللہ تبارک و تعالی تو عالم الغیب والشہادتہ ہے سب جانتا ہے میرے بتانے کا کیاتو اللہ تبارک و تعالی نے کہا نہیں نہیں اس کی درخواست تمہارے سوال کرنے اور تمہاری سفارش پر موقوف ہے تو سرکار علیہ السلام نے فرمایا کہ میں نے کہا کہ اس کی بڑی خواہش ہے کہ اگر اپ (اللہ تبارک و تعالی ) اجازت دیں تو میری گناہگار امت کو صراط یوم القیامتہ کو عبور کرنےمیں سہولت و آسانی کے لئیے اپنے پروں کو پل صراط پر بچھادےتو خالق حقیقی نے فرمایا کہ اے محبوب آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی عرضی نے تو جبرائیل علیہ السلام کے حق میں قبولیت حاصل کرلی لیکن اپ صلی اللہ کی صرف ایک جماعت کوحضرت جبرئیل علیہ السلام کے پروں پر سوار ہوکر صراط یوم القیامتہ عبور کرنے کی اجازت ملے گی تو آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم نے حیرت سے فرمایا وہ کون سی جماعت ہوگی تو اللہ تبارک وتعالی نے فرمایا جس نے دنیا میں آپ صلی اللہ علیہ والیہ وسلم پر کثرت سے صلوتہ وسلام پڑھا ہوگا اور یہ عمل کثرت سے کیا ہوگا ۔

میرے محترم اور معزز پڑھنے والوں درود پاک پڑھنا عظیم ترین سعادتوں اور بے شمار برکتوں کے حامل اور افضل ترین اعمال میں سے ایک عمل ہے ۔بزرگان دین نے درود شریف کی برکتوں کو بکثرت بیان کیا ہےاور مختلف کتابوں میں ان برکتوں کو جمع کرکے بیان کیا گیا ہے ان میں سے 44 برکتیں میں تحریر کررہا ہوں جنہیں پڑھکر اپنے دلوں کو منور کریں اور درود پاک کی عادت اپنا کر اس کی برکتیں لوٹیں۔
1 ۔ جب کوئی خوش نصیب صلی اللہ علیہ والیہ وسلم
پردرود پاک پڑھتا ہے تو فرشتے ، اللہ تبارک وتعالی
اورصلی اللہ علیہ والیہ وسلم خود اس پر درود
بھیجتے ہیں۔
2 ۔ درود شریف خطائوں کا کفارہ بن جاتا ہے
3 ۔ درود شریف سے اعمال پاکیزہ ہوجاتے ہیں
4 ۔ درود سریف سے درجات بلند ہوتے ہیں
5 ۔ درود شریف کی وجہ سے گناہوں سے مغفرت کردی جاتی ہے۔
6 ۔ درود شریف پڑھنے والے کے لئیے درود خود استغفار کرتا ہے ۔
7 ۔ اس کے نامئہ اعمال میں اجر کا ایک قیراط لکھ دیا جاتا ہے جو احد پہاڑ کے مثل ہوتا ہے ۔
8 ۔ درود شریف پڑھنے والے کو اجرکا پورا پیمانہ ملے گا
9 ۔ درود شریف پڑھنے والے سخص کے لئے دنیا اور آخرت کے تمام امور کے لئے کافی ہوجائے گا جو اپنے وظائف کا تمام وقت درود شریف پڑھنے میں بسر کرتے ہوں ۔
10 ۔ درود شریف پڑھنے والوں کو مصائب سے نجات مل جاتی ہے ۔
11 ۔ درود پاک پڑھنے والے کی خود سرکار صلی اللہ علیہ والیہ وسلم گواہی دیں گے۔
12 ۔ شفاعت اس کے لئے واجب ہوجاتی ہے ۔
13 ۔ درود شریف پڑھنے سے اللہ تبارک وتعالی کی رضا اور رحمت حاصل ہوجاتی ہے۔
14 ۔ اللہ تبارک وتعالی کی ناراضگی سےامن مل جاتا ہے۔
15 ۔ عرش کے سایہ کے نیچے جگہ ملے گی۔
16 ۔ میزان پر نیکیوں کاپلڑا بھاری ہوگا۔
17 ۔ حوض کوثر پر حاضری کا موقع میسر آئے گا۔
18 ۔ قیامت کی پیاس سے محفوظ رہے گا۔
19 ۔ جہنم کی اگ سے چھٹکارا مل جائے گا۔
20 ۔ پل صراط سے گزرنا آسان یوگا۔
21 ۔ جنت کی منزل مرنے سے پہلے دیکھنا نصیب ہوگی
22 ۔ جنت میں بیویوں کی تعداد کثیر ہوں گی۔
23 ۔ درود شریف پڑھتے رہنے والے کو بیس غزوات سے بھی زیادہ ثواب حاصل ہوگا۔
24 ۔ درود شریف پڑھنے والا تنگدست کے حق میں صدقہ کے قائم مقام ہوگا۔
25 ۔ وہ سراپہ پاکیزگی و طہارت ہوگا۔
26 ۔ درود شریف پڑھنے والے مال میں برکت ہوتی ہے۔
27 ۔ درود شریف پڑھنےکی وجہ سے سو سے بھی زیادہ حاجتیں پوری ہوتی ہیں۔
28 ۔ درود پاک پڑھنا ایک عبادت ہے۔
29 ۔ درود پاک پڑھنے کا عمل اللہ تبارک وتعالی کے پسندیدہ اعمالوں میں سے ایک عمل ہے۔
30 ۔ درود پاک محفلوں اور مجالسوں کی زینت ہے۔
31 ۔ درود پاک سے غربت و فقر دور ہوتا ہے۔
32 ۔ درود پاک سے تنگدستی ختم ہوتی ہے۔
33 ۔ درود شریف کی مدد سے خیر کے مقام تلاش کئے جاتے ہیں ۔
34 ۔ قیامت کے دن حضور صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کے سب اے زیادہ نزدیک درود شریف پڑھنے والا ہوگا۔
35 ۔ درود سریف کے پڑھنے سے پڑھنے والا ، اس کے بیٹے اور اس کے پوتے سب نفع پائیں گے۔
36 ۔ درود پاک پڑھکر جس کو بھیجا جائے وہ بھی نفع پائے گا۔
37 ۔ اللہ تبارک وتعالی اور اس کے حبیب صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کا قرب نصیب ہوگا۔
38 ۔ درود پاک ایک ایسا نور ہے جس کے ذریعے دشمنوں پر فتح حاصل کی جا سکتی ہے۔
39 ۔ درود شریف پڑھنے والے کا دل نفاق اور زنگ سے پاک ہوجاتا ہے۔
40 ۔ درود شریف پڑھنے والے سے لوگ محبت کرتے ہیں
41 ۔ کثرت سے درود شریف پڑھنے والے کو سرکار صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔
42 ۔ درود شریف پڑھنے والا لوگوں کی غیبت سے محفوظ رہتا ہے۔
43 ۔ تمام اعمالوں میں افضل اور برکت والا عمل درود شریف پڑھنا ہے۔
44 ۔ دین ودنیا میں سب سے زیادہ نفع بخش چیز درود شریف ہے ۔

میرے معزز اور محترم پڑھنے والوں اللہ تبارک وتعالی کے بعد تمام مخلوقات میں سب سے زیادہ شفیق ، کریم ، رحیم ، اور سخی ہمارے نبی صلی اللہ علیہ والیہ وسلم ہیں اور ہم مومنوں پر سب سے زیادہ احسانات ہیں اس لئے محسن انسانیت کے احسانات کے شکریہ کے طور پر ہم پر درود پاک پڑھنا مقرر کیا گیا ہے درود سریف پڑھکر ہم اللہ تبارک وتعالی کے حکم کی پیروی کرکے اس کا قرب حاصل کریں اور سرکار صلی اللہ علیہ والیہ وسلم کا حق ادا کرسکیں آخر میں

اللہ تبارک وتعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں کثرت کے ساتھ درود پاک پڑھنے اور اس کی بے شمار برکتیں حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائیں آمین ۔
 

محمد یوسف راہی
About the Author: محمد یوسف راہی Read More Articles by محمد یوسف راہی: 120 Articles with 81856 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.