سورۃ کوثر کے بارے میں معلومات

اللہ رب العزت نے آنحضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مقدس ہستی کو تمام نبی نوع انسان کے لیے رحمۃ للعالمین بناکر بھیجا آپ کی مقدس شخصیت نہ صرف اللہ کے بندوں کو اللہ سے ملانے اور بزم جہاں میں شمع ہدایت بن کر آئی بلکہ آپ تمام بشری کمالات و محاسن کا مجموعہ اور سراپا حسن و جمال بن کر تشریف لائے۔ پیکر دلربا بن کے آئے، روح ارض و سما بن کے آئے، سب رسول خدا بن کے آئے، وہ حبیب خدا بن کے آئے۔ آپ کو رب کائنات نے چونکہ انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کے لیے بھیجا اس لیے اللہ تعالیٰ نے آپ کو نہایت احسن تقویم کا شاہکار بناکر بھیجا۔
لیکن اس مبارک ہستی کو بہت ستایاگیا۔بدطینت لوگوں نے اولاد کے طعنے تک دیے ۔لیکن یہ سب رب کو باالکل بھی گوارہ نہ تھا۔چنانچہ سورۃ کوثر نازل ہوئی۔جس میں شان عظمت مصطفی کی معراج بیان کی گئی ۔۔آئیے ذرااللہ کے کلام سے دوستی کرتے ہیں ۔
کلام الہی سے رسمی تعلق سے ہٹ کر اس سے پکی اور پکی پکی دوستی کرکے اس کے رازوں کو جاننے کی کوشش کرتے ہیں ۔سورۃ الکوثر کے بارے میں معلومات آپ پیاروں کے ذو ق مطالعہ کی نظر کرتاہوں ۔
مقامِ نزول:علامہ علی بن محمد خازن رَحْمَۃُاللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں : ’’سورۂ کوثر جمہور مفسرین کے نزدیک مکیہ ہے اور بعض مفسرین کے نزدیک مدنیہ ہے۔( خازن، تفسیر سورۃ الکوثر، ۴ / ۴۱۳)
رکوع اور آیات کی تعداد:اس سورت میں 1رکوع اور 3 آیتیں ہیں ۔
’’کوثر ‘‘نام رکھنے کی وجہ :
کوثر سے دنیا اور آخرت کی بے شمار خوبیاں مراد ہیں اور جنت کی ایک نہر کا نام بھی کوثر ہے۔اس سورت کی پہلی آیت میں یہ لفظ موجود ہے اس مناسبت سے اسے ’’سورۂ کوثر ‘‘کہتے ہیں ۔
سورۂ کوثر کے مضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی مِدحت بیان فرمائی ہے اوراس میں یہ مضامین بیان ہوئے ہیں :
(1) …اس کی پہلی آیت میں اللّٰہ تعالیٰ کے اس فضل واحسان کا بیان ہے جو اس نے اپنے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ پر فرمایا۔
(2) …دوسری آیت میں نبیٔ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ سے فرمایا گیا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و احسان کے شکریے میں نماز پڑھتے رہیں اور قربانی کریں ۔
(3) …تیسری آیت میں فرمایا گیا کہ جو اللّٰہ تعالیٰ کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کا دشمن ہے وہی ہر خیر سے
محروم ہے۔۔
جی قارئین:ہے نا معلومات کی بات !!قرآن پاک سے رشتہ ناطہ جوڑیں ۔گوگل پر انحصار نہ کریں ۔گوگل ایک سورس آف نالج ضرور ہے لیکن خالص علمی اور مصدقہ علمی مواد پیش کرے ضروری نہیں ۔لیکن قران اس کائنات کی سب سے بڑی مکمل اور دائمی کتاب ہے ۔جس میں ہر خشک و تراور ہماری ہر ضرورت کا لحاظ اور مشکل کا حل موجود ہے ۔۔
عین ممکن ہے کہ جب آپ ناچیز کی تحریر مطالعہ کررہے ہوں اور میں اس دار فنا سے کوچ کرچکاہوں تو میری بخشش کی دعا ضرور کردیجئے گا۔


 
DR ZAHOOR AHMED DANISH
About the Author: DR ZAHOOR AHMED DANISH Read More Articles by DR ZAHOOR AHMED DANISH: 380 Articles with 546002 views i am scholar.serve the humainbeing... View More