سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں ای کامرس کے ذریعے کاروبار کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی علی بابا ڈاٹ کام کے اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو

image

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان میں ای کامرس کے ذریعے کاروبار کو فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔ جمعہ کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے اپنے دفتر میں معروف ای کامرس پلیٹ فارم علی بابا ڈاٹ کام کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں کیا۔

ملاقات میں ای کامرس کے حجم کو بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے وفد کو ملک میں ای کامرس کے اقدامات کو آگے بڑھانے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی کامرس اور ڈیجیٹل مارکیٹ پلیس کے درمیان فرق کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر تجارت نے کہا کہ تجارت کے حجم کو بڑھانے کے لیے وزارت تجارت اور حکومت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور علی بابا ڈاٹ کام کے درمیان قریبی تعاون ہونا چاہیے۔

علی بابا ڈاٹ کام کے وفد نے وزیر تجارت کا شکریہ ادا کیا اور بلوچستان ، خیبر پختونخوا (کے پی کے) میں اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کے منصوبوں کے ساتھ پاکستان میں آپریشنز کو وسعت دینے کے حوالے سے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر تجارت نے کہا کہ علی بابا ڈاٹ کام معاشی نمو کو فروغ دینے اور پاکستان کے بڑھتے ہوئے ای کامرس منظر نامے کی صلاحیت سے فائدہ اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ علی بابا ڈاٹ کام جیسے عالمی اداروں کے ساتھ تعاون ملک بھر میں ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گا ۔

علی بابا ڈاٹ کام کے وفد میں علی بابا ڈاٹ کام پاکستان بزنس کے سربراہ راکی ​​لو اور جنوب مشرقی ایشیا کے مارکیٹنگ کی سربراہ علیسیا لو شامل تھی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.