وزیراعظم محمد شہبازشریف سے آذربائیجان کے وزیر ماحولیات اور قدرتی وسائل مختار بابائیف کی ملاقات

image

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوپ29 میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے اس حوالے سے آذربائیجان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایاہے۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف سے آذربائیجان کے ماحولیات اور قدرتی وسائل کے وزیر مختار بابائیف نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔

آذری وزیر نے وزیراعظم کو آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کی جانب سے نومبر 2024 میں باکو میں منعقد ہونے والے اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز 29 (کوپ 29) اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ پیش کیا ۔وزیراعظم نے29ویں کانفرنس آف پارٹیز کے دعوت نامے پر آذربائیجان کے صدر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اور آذری عوام کو کوپ 29 کی میزبانی کے لیے باکو کے انتخاب پر مبارکباد پیش کی۔ کوپ29 اس سال موسمیاتی تبدیلی سے درپیش چیلنجوں پر غور و خوض کرنے کے لیے عالمی رہنمائوں کا سب سے اہم اجتماع ہے۔آذری وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے، 2022 میں پاکستان نے ایک تباہ کن سیلاب کا سامنا کیا۔وزیراعظم نے کوپ29 کے حوالے سے آذربائیجان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔ کوپ29 میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ کوپ 29 میں شرکت کے منتظر رہیں گے جہاں انہیں صدر الہام علییوف کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بالخصوص دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کا موقع ملے گا۔ وزیراعظم نے صدر علییوف کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔آذری وزیر نے پاکستان

میں اپنی میزبانی اور کوپ 29 کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کی حمایت کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آذر بائیجان پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ ایک ایسا ایجنڈا طے کیا جا سکے جو موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کی ضروریات کی مناسب عکاسی کرے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.