کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ پاکستان میں بننے سے نوجوانوں کو 56 ممالک تک رسائی ہو گی، رانا مشہود احمد

image

اسلام آباد۔10مئی (اے پی پی):وزراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ پاکستان میں بننے سے نوجوانوں کو 56 ممالک تک رسائی ہو گی، وزیراعظم محمد شہبازشریف کا مشن معیشت کی بہتری کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے، حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کے باعث تمام معاشی اشاریے مثبت راہ پر گامزن ہیں، وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی سے قومی ہاکی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کامن ویلتھ کے وفد کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے بعد معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو رہی ہے ۔دنیا کا رخ پاکستان کی طرف ہوچکا ہے ،اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، یہ خوشی کی نوید ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے ، سی پیک دوبارہ بحال ہونےجا رہا ہے ، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری 7 سالوں میں پاکستان نہیں آسکی ، اب سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کے دو گروپس بن گئے تھے ۔پاکستان ہاکی ٹیم بلیک لسٹ ہونے جا رہی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قومی کیمپ لگایا گیا ،وزیراعظم کے اقدامات کے باعث پاکستان 13 سال بعد اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل کھیلنے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا ہر شعبہ بہتری کی جانب گامزن ہے، چین بھی بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کے لئے آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ میں پاکستان کو پہلی بار چیئرمین شپ ملی ہے ، 50سال میں پہلی بار یہ چیئرمین شپ پاکستان کو دی گئی ۔ کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس بھی تشکیل دیدیا ہے ،کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس کا سیکرٹریٹ پاکستان میں بنے گا،اس فورم سے پاکستان کے نوجوانوں کو صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ کامن ویلتھ یوتھ سیکرٹریٹ سے ملکی نوجوانوں کو 56ممالک تک رسائی حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا مشن اقتصادی بحالی کیساتھ ساتھ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ہے ۔ نیشنل یوتھ کونسل کو فعال کیا جائے گا ۔ملک کے بہترین نوجوانوں کو نیشنل یوتھ کونسل میں شامل کیا جائے گا ۔(ن )لیگ واحد جماعت ہے جو نوجوانوں کے لئے کام کرتی ہے،پاکستان کا مستقبل نوجوان ہے جنہیں پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔ایک طرف تخریب کار اور انتشار پسند ہے ، ایک طرف پاکستان کو آگے لے جانیوالی قوتیں ہے ، پاکستان مخالف قوتیں شکست کھا چکی ہے ،پاکستان کی ترقی کو آگے بڑھنے سے اب کوئی نہیں روک سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اذلان شاہ ہاکی کپ جیتنے پر وزیراعظم پاکستان ہاکی ٹیم کے لئے انعام کا اعلان کریں گے ،وزیراعظم نے ہی ہاکی معاملات ٹھیک کرنے کی ہدایت کی تھی ،کھیلوں کا فروغ اور ترقی وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہیں ، ارشد ندیم سمیت دیگر باصلاحیت کھلاڑیوں کو حکومت ہر ممکن سپورٹ کرے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.