وزیر اعلیٰ مریم نواز سے یورپی یونین سفیرکی ملاقات، سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا

image

لاہور۔9مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازسے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں یورپی یونین اور پنجاب حکومت کے مابین باہمی اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا،وزیر اعلی نے یورپی یونین کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کو سراہا اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،ملاقات میں اقلیتوں، کمزور کمیونٹیز اور گروپس کے حقوق کے تحفظ وبین المذاہب ہم آہنگی یقینی بنانے کیلئے حکومتی پالیسی اور اقدامات پر گفتگو کی گئی،پنجاب میں یورپی یونین کے اشتراک سے جاری ہیومین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر بھی بات چیت کی گئی،یورپی ممالک کو برآمدات میں اضافہ اور پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زو ر دیا گیا۔مریم نواز نے ڈاکٹر رینا کیونکا کو چیف منسٹر پلانٹ فار پاکستان کی کامیاب مہم سے آگاہ کیا،ڈاکٹر رینا کیونکا نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے مریم نواز کی کاوشوں کو سراہا۔وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے، جامع پالیسی پرکام کررہے ہیں، حکومت نے مستقل بنیادوں پر سموگ کنٹرول یونٹ تشکیل دیا اور کاربن اخراج کم کرنے کیلئے پنجاب حکومت ماحول دوست میٹرو بسوں کا منصوبہ شروع کیا ہے،5جون سے پنجاب میں پلاسٹک بیگزکے استعمال پر پابندی ہے،انہوں نے کہاکہ گاڑیوں سے دھویں کے اخراج کو کم کرنے کیلئے وہیکل انسپیکشن اینڈ سرٹیفیکیشن کا موثر اور جدید سسٹم نافذ کیا جا رہا ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اقتصادی تعلقات مضبوط اور کثیر الجہتی ہیں، پنجاب سے یورپی ممالک کوٹیکسٹائل کی برآمدات بڑھانا چاہتے ہیں،اسی طرح یورپ کیلئے پنجاب کے عمدہ ترین چاول کی برآمد مزید بڑھا نا چاہتے ہیں۔

وزیراعلی نے کہاکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے یورپی یونین کے اشتراک کار کا خیر مقدم کرینگے، اقتصادی تعاون کے فروغ سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کئے جاسکتے ہیں، ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جارہی ہے، یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہاکہ یورپی یونین جی ایس پی پلس جیسے اقدامات کے ذریعے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لئے پرعزم ہے، یورپی یونین تجارت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے ذریعے پاکستان کی معاشی بحالی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جی ایس پی پیلس ممالک کیلئے ماحولیاتی تحفظ، گڈ گورننس، انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق سے متعلق کنونشنز پر عمل درآمد ضروری ہے،ملاقات کے موقع پرسینیٹر پرویز رشید اور سینئر منسٹر مریم اورنگ زیب بھی موجود تھیں ۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.