خواتین کو خود مختار بنائے بغیر معاشرتی و اقتصادی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب

image

سیالکوٹ۔ 20 مئی (اے پی پی):سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب سمیرا صمد نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنائے بغیر معاشرتی و اقتصادی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے ساؤتھ ایشیا پارٹنر شپ پاکستان، جی آئی زیڈ اور سدھار سوسائٹی کے اشتراک سے خواتین اور معذور افراد کے لئے ٹیکسٹائل کے شعبے میں روزگار کے مواقع میں اضافہ کے لئے جاری اعلامیہ کے سلسلہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواتین باہمت اور بلند حوصلے کی مالک ہیں اور ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے میں خواتین کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ریاست اور سوسائٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب آمنہ منیر نے کہا کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل کی صنعت میں خواتین اور معذور افراد کے لئے روزگار کی وسیع گنجائش موجود ہے تاہم اس سلسلہ میں خواتین اور معذور افراد کو تکنیکی تربیت فراہم کرنا ہوگی اور متعلقہ صنعتوں کے مالکان کو اس امر کا پابند بنانا ہوگا کہ وہ معذور افراد کے کوٹہ پر عمل کریں اور خواتین کو بھی ترجیحی بنیادوں پر ملازمت فراہم کریں اور انہیں ان کی محنت کی پوری اجرت بھی ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد اور ملتان میں کاٹن اور ٹیکسٹائل کی صنعت تیزی سے ترقی کررہی ہے، اس صنعت میں خواتین ورکرز کی تعداد حوصلہ افزا ہے تاہم خواتین کو کام کی جگہ پر مکمل تحفظ فراہم کرنا اور استحصال سے بچانے کے لئے سول سوسائٹیز اور چیمبرز آف کامرس کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ساؤتھ ایشین پارٹنر شپ پاکستان عرفان مفتی نے مجوزہ منصوبے کے نفاذ میں شراکت دار سماجی تنظیموں سیپ پاکستان، جی آئی زیڈ اور سدھار کے مقاصد، سرگرمیوں اور متوقع نتائج کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی سے نہ صرف خواتین اور معذور افراد کو باعزت روزگار ملے گا بلکہ معاشی سرگرمیوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ریاستی اداروں کا بھی اہم کردار ہوگا اور وہ امید کرتے ہیں کہ پنجاب حکومت اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی جس سے پنجاب میں جامع اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔

سیمینار میں خواتین کی جانب سے بلیو پرنٹ منصوبے کی ممکنہ تبدیلیوں کے اثرات کو اجاگر کرنے کے لئے کامیابیوں کی سٹوریز شیئر کیں اور ایک ٹیبلو کے ذریعے روزگار کے مساوی مواقع کو فروغ دینے اور امتیازی سلوک کو چیلنج کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ سیمینار میں چیف ایگزیکٹو بیداری پروفیسر ارشد محمود مرزا، ایڈوائزر جی آئی زیڈ محمد ارمغان، سی ای او سدھار ندیم اقبال، مہوش اور محمد عبید نے بھی خطاب کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.