صدر آصف علی زرداری سے آج ازبک وزیر خارجہ بختیار سیدوف آج ملاقات کریں گے ، ترجمان دفتر خارجہ

image

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف آج (جمعرات کو) صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، وہ عسکری قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ ازبکستان کے وزیر خارجہ اس وقت سرکاری دورے پر پاکستان میں ہیں اور انہوں نے گزشتہ روز وزیراعظم محمد شہبازشریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ترجمان نے کہا کہ ازبک وزیر خارجہ نے وزیر تجارت، وزیر برائے نجکاری اور مواصلات کے علاوہ وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق اور صنعت و پیداوار سے بھی مشترکہ ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ہونے والی ملاقاتوں میں فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان کثیر جہتی اور مضبوط شراکت داری کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ، ایس سی او اور او آئی سی جیسے کثیر جہتی فورمز پر قریبی سکیورٹی اور دفاعی تعاون اور مضبوط روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فریقین نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا اور ازبکستان ۔افغانستان ۔پاکستان ریلویز پراجیکٹ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔\


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.