یو ایس اے آئی ڈی کا پاکستان میں ماحول دوست ڈیری صنعت کے فروغ کے لئے ورکشاپ

image

اسلام آباد۔7مئی (اے پی پی):امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس اے آئی ڈی) نےاسلام آباد میں ایک اہم ورکشاپ کا اہتمام کیا جس کا مقصد ماحول میں پاکستان کی ڈیری انڈسٹری سے پیدا ہونے والی میتھین کے اخراج کو روکنا ہے،یہ ورکشاپ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں ماحولیاتی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے یو ایس اے آئی ڈی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ تقریب میں ڈیری کی صنعت میں میتھین کے اخراج کو کم کرنے کےحوالے سے حل تلاش کرنے کے لئے مختلف شعبوں کے سٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کیا گیا۔ اس پروگرام کے ذریعے گرین کلائمیٹ فنڈ کے تحت جاری کردہ فنڈنگ کا حصول ممکن ہو سکے گا

جس سے پاکستان کو ماحولیاتی اہداف کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہاکہ 2030 تک میتھین کے اس اخراج کو تقریباً نصف تک کم کر کےہم درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیس سے کم رکھنے کے عالمی ہدف میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جو پیرس معاہدے کا ایک اہم جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ اس مسئلے سے نمٹنے اور پاکستان کے لئے پائیدار مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے،میتھین کا شمار طاقتور گرین ہاؤس گیس میں ہوتا ہے جو گلوبل وارمنگ میں اضافے کا سبب بنتی ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو محدود کرنے کے لئے میتھین کے اخراج کو کم کرنا بہت ضروری ہے،

ڈیری فارمنگ کی صنعت پاکستان میں میتھین کے اخراج کی بڑی وجہ ہے کیونکہ پاکستان میں بڑے پیمانے پر ڈیری فارمنگ کی جاتی ہے، اس صنعت کو ماحول دوست بنانے کے لئے نجی شعبے کی شمولیت بہت ضروری ہے۔ ورکشاپ میں موسمیاتی تبدیلیوں سے مؤثر طریقوں سے نمٹنے کے لئے مالی اور تکنیکی مدد کی ضرورت پر زور دیا گیا، یہ پروگرام نہ صرف پاکستان کے ڈیری سیکٹر کو فائدہ پہنچائے گا بلکہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے حوالے سے عالمی کوششوں میں بھی اہم کردار ادا کرےگا۔

امریکہ اور پاکستان کے مابین ترقیاتی شراکت داری کی ایک طویل تاریخ ہے۔ یہ ورکشاپ پاک امریکہ گرین الائنس کے فریم ورک کا حصہ ہے جس میں ماحولیاتی استحکام پر توجہ دی گئی۔امریکہ اور یو ایس اے آئی ڈی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے فیڈرل سیکرٹری برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق ڈاکٹر فخر عالم عرفان نے کہاکہ ہم امریکہ کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں، اس پروگرام کا مقصد ہمارے ملک کے ماحولیاتی استحکام اور موافقت کی کوششوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔یو ایس اے آئی ڈی کی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ، اس اقدام کا مقصد پاکستان میں میتھین کے کم اخراج والی ڈیری کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لئے سرکاری اور نجی شعبوں کی سرمایہ کاری میں بہتری لانا ہے۔

C


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.