’سٹریٹیجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز‘، سعودی وفد کا دورہ پاکستان مکمل

image
سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے وفد میں شامل وزرا پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہو گئے ہیں۔

دورے کے دوران سعودی وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایس ائی ایف سی ارکان سے ملاقاتیں کیں۔

سعودی وفد میں سعودی وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت انجینیئرعبدالرحمن الفضلی، وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف، ایوان شاہی کے مشیر محمد التویجری، معاون وزیر سرمایہ کاری انجینیئر ابراہیم المبارک، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، سعودی وزارت توانائی اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے عہدیدار شامل تھے۔

منگل کی صبح وزیر خارجہ کی پاکستان میں مصروفیات کا آغاز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات سے ہوا۔ وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا استقبال کیا۔

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وفد کے ہمراہ وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون و سرمایہ کاری، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ اور بے مثال برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب نے مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عید الفطر کے فوری بعد سعودی وفد کا دورۂ پاکستان خوش آئند ہے۔ یہ دورہ پاکستان سعودی سٹریٹیجک و تجارتی شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہے۔‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، دونوں ممالک کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ کا خواہاں ہے۔

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے وفد کے ہمراہ وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ (فوٹو: فارن آفس)’پاکستان بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور برادر ممالک سے شراکت داری کو باہمی طور پر مفید بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے پر سعودی قیادت کا مشکور ہے۔‘

سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستان سعودی عرب تعلقات کی مضبوطی، تجارتی و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے سعودی عزم کا اعادہ کیا۔

اس کے بعد سعودی وفد کی صدر اصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات ہوئی۔

صدر آصف علی زرداری نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں اور پاکستان موجودہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔‘

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہم سمجھتا ہے اور پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری کے لیے پُرعزم ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور دونوں نے دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔‘

دوپہر میں سعودی وزیر خارجہ نے وفد کے ہمراہ سپیشل سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اجلاس میں شرکت کی جہاں انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سعودی وفد کی صدر اصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات ہوئی۔ (فوٹو: فارن آفس)وزیر خارجہ دفتر خارجہ پہنچے اور وہاں اپنے پاکستانی ہم منصب اساق ڈار سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے تاریخی باہمی احترام اور مشترکہ روایات پر مبنی تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ہمارا دورہ وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات کا نتیجہ ہے اور پاکستان میں استقبال اور مہمان نوازی پر بہت شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، اہم کام آئندہ چند مہینوں میں ہوگا، ہم معاشی ترقی اور علاقے کی سکیورٹی کے لیے مل کر کام کریں گے اور ہم اس دورے سے پرامید ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان اور سعودی عرب میں تعمیری گفتگو ہوئی، اس کا فالو اپ کریں گے، پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

’سعودی عرب کو باضابطہ طور پر آئی سی ایف سی سے متعلق آگاہ کیا گیا اور اس پر تفصیلی بریفنگ تھی، نئی اپروچ ہمیں پسند آئی جس سے ہمیں اعتماد ملا۔‘

سعودی وفد اپنے دورے کے آخری مرحلے میں جی ایچ کیو پہنچا جہاں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے مملکت کے اعلٰی سطح کے وفد کے ہمراہ  آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان اور سعودی عرب میں تعمیری گفتگو ہوئی۔ (فوٹو: فارن آفس)ملاقات میں متعدد شعبوں میں مضبوط تعاون کو مستحکم بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ دونوں برادر ممالک کے درمیان سکیورٹی اور سٹریٹیجک تعاون کو اس طرح بڑھانے پر بات چیت کی گئی جس سے بین الاقوامی سلامتی اور امن میں مدد ملے۔

سعودی عرب روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت تاجر تنظیموں نے سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفد کے دورہ پاکستان کو سراہا ہے اور ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے سعودی سرمایہ کاری پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.