سکھر میں سات روزه سندھ تھیٹر فیسٹول کا افتتاح ،مقررین کا پاکستان کے ثقافتی اداروں کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور

image

سکھر۔ 16 اپریل (اے پی پی):آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سکھر آرٹس کونسل کے مشترکہ تعاون سے سکھر میں سات روزہ ”سندھ تھیٹر فیسٹیول 2024ء“کا افتتاح کر دیا گیا ۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کے ثقافتی اداروں کو فعال کرنے کی ضرورت ہے ۔شعبہ فائن آرٹس کے پہلے بیج کے پاس آؤٹ ہونے والے طلباء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں ۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سکھر آرٹس کونسل کے مشترکہ تعاون سے سکھر میں سات روزہ ”سندھ تھیٹر فیسٹیول2024ء“ کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔

فیسٹول کا افتتاح سابق وزیر اطلاعات ، اقلیتی امور، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ نے کیا ۔سکھر آرٹس کونسل کے صدرممتاز بخاری اور آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف احمد شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ سابق وزیر اطلاعات ، اقلیتی امور، سماجی تحفظ محمد احمد شاہ نے سندھ تھیٹر فیسٹول 2024 کی افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج ہم سکھر میں سندھ تھیٹر فیسٹول 2024 کا افتتاح کر رہے ہیں، سندھ تھیٹر فیسٹیول پورا ہفتہ آرٹس کونسل آف پاکستان سکھر میں جاری رہے گا، ہم نے سکھر میں تاریخ ساز پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا انعقاد کرایا، پاکستان لٹریچر فیسٹیول پاکستان سمیت امریکہ تک لے کر گئے، جو رسپانس ہمیں سکھر سے ملا وہ قابل ستائش تھا، دو لاکھ سے زائد افراد نے پاکستان لٹریچر فیسٹیول سکھر میں شرکت کی جس میں پچیانوے فیصد نوجوان نسل شامل تھی، انہوں نے کہاکہ سکھر کے بارے میں مشہور ہے کہ بری خبریں ہی سننے کو ملتی ہیں، جب آپ کچھ کریں گے تب ہی شہر آباد ہوں گے، سکھر شہر کی ایک بہت بڑی تاریخ ہے،

سکھر آرٹس کونسل میں سینکڑوں بچے آرٹ اینڈ میوزک سیکھ رہے ہیں، سکھر سے زبردست ٹیلنٹ نکل رہا ہے، انہوں نے کہاکہ پاکستان کو زبان، مذہب اور لسانی بنیادوں کے نام پر تقسیم نہیں کیا جا سکتا ۔ ہم اسے ثقافت کے ذریعے جوڑ رہے ہیں، حکومتی سطح پر ادارے ملک کو جوڑنے کا کام کریں ۔ پاکستان ایک فیڈریشن ہے، پورے پاکستان کے ثقافتی اداروں کو فعال کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ جہاں جو لوگ رہتے ہیں وہ اپنے شہر کی اونر شپ لیں، ہمارا مقصد نہیں کہ ہم بڑے بھائی بن جائیں، ہماری جہاں ضرورت ہے ہم ہر ممکن مدد کریں گے، صحافیوں نے بتایا کہ سکھر لائبریری کا برا حال ہے، ہم کوشش کریں گے کہ یہاں کے لوگ اشرافیہ اور وزراءلائبریری کی اونر شپ لیں، یاد رہے کہ ثقافت و تہذیب رہے گی تو آپ رہیں گے، لاکھوں نوجوان سکھر جامعات میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ضرورت اس بات کہ ہے کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں ملوث کیا جائے ،ہماری کوشش ہے کہ یہ شہر واپس اپنی زندگی کی طرف لوٹے، تمام آرٹس کونسلز میں سکھر آرٹس کونسل نے سبقت لی ہے ، گزشتہ برس پانچ سندھی اور پانچ اردو ڈرامے پیش کیے گئے تھے، اس بار اس چیز کا خیال رکھا ہے کہ سندھی زبان کو فروغ دیا جائے۔ قبل ازیں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے سکھر آرٹس کونسل میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا، محمد احمد شاہ نے سکھر آرٹس کونسل کے شعبہ فائن آرٹس کے پہلے بیج کے پاس آﺅٹ ہونے والے طلباءمیں اسناد بھی تقسیم کیںاور طلباءکے فن پاروں کو بے حد سراہا،

سکھر آرٹس کونسل کے صدر ممتاز بخاری نے کہاکہ سندھ تھیٹر فیسٹیول کا بنیادی مقصد مقامی فنکاروں کو موقع فراہم کرنا ہے، ہم فنکاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ جڑیں، ہفتہ بھر کے تھیٹر فیسٹیول میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف سماجی و ثقافتی موضوعات پر مبنی تھیٹر پیش کیے جائیں گے، سندھ تھیٹر فیسٹیول میں وفادلدار کا راءڈیاچ ، دنیا مسافر خانو (مولا داد جتوئی) ، آرٹیفیشل (حسن عباس) تو کان پوء(سلیم راجا)، چاندوکی(زوہیب مہر)، کو زمانو بہ آیوآ (انصار مہر) اور حفیظ جمال کا زورآور زال شامل ہیں، سکھر آرٹس کونسل میں ہونے والے سات روزہ ”سندھ تھیٹر فیسٹیول“ کے تمام ڈراموں میں عوام کا داخلہ مفت ہے۔ سندھ تھیٹر فیسٹیول 21اپریل تک جاری رہے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.