علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت کے استعمال پر سہ روزہ تربیتی ورکشاپ

image

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں اساتذہ کیلئےمصنوعی ذہانت کے استعمال پر سہ روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس پروگرام کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف اکیڈیمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن ،اوپن یونیورسٹی اور کامن ویلتھ ایجوکیشنل میڈیا سنٹر فار ایشیا کے باہمی اشتراک سے کیا گیا ہے۔ جس کا مقصداساتذہ کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹولز اور ٹیکنالوجیز سے آشنائی اور تدریسی طریقوں میں موثر طریقے سے استعمال کے حوالے سے آگاہی دینا ہے۔

افتتاحی اجلاس کی صدارت ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن، پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمان نے کی، جبکہ ڈائریکٹرکامن ویلتھ ایجوکیشنل میڈیا سنٹر فار ایشیا، ڈاکٹر بشیر نے بطور مہمان خصوصی آن لائن شرکت کی۔ڈاکٹر بشیر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کا جہاں منفی استعمال ہے وہیں اس کے مثبت اور کارآمد فوائد بھی ہیں۔ پڑھانے ، سیکھنے اور سکھانے کے عمل میں اگر اس ٹیکنالوجی کا صحیح استعمال کیا جائے توقلیل وقت میں بہت سا کام مکمل کیا جا سکتا ہے۔تعلیم کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کا استعمال اور کردار اب ناگزیر ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر فضل الرحمن نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو تدریسی عمل میں شامل کرنے کی یہ تربیتی ورکشاپ اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گی،ٹیچنگ اور لرننگ کے عمل کو تقویت ملے گی۔انہوں نے ورکشاپ کے انعقاد پر آرگنائزیننگ کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود فیکلٹی ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

یہ تربیتی ورکشاپ تین دن جاری رہے گی جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین مختلف موضوعات پر آگاہی دیں گے اور سوال و جواب کی نشست کریں گے۔ تقریب کے آغاز پر ڈائریکٹر اکیڈیمک پلاننگ اینڈ کورس پروڈکشن ڈاکٹر زاہد مجید نے ورکشاپ کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.