وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو عید الفطر کی مبارکباد

image

اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید الفطر کی مبارکباددی ،وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عید کے موقع پر ملائیشیا کے عوام کیلئے بھی مبارکباد اور خیر سگالی کا پیغام دیا۔

وزیرِ اعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک کی برکتیں بشمول دونوں ممالک، پوری امت مسلمہ کیلئے امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کا باعث بنیں گی۔ وزیر اعظم نے اپنے انتخاب کے موقع پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کے تہنیتی پیغام کا بھی ذکر کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان ملائیشیا تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کے دورے کے منتظر رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کی لازوال شاعری کا ملائیشین زبان میں ترجمہ ہو رہا ہے جس کا اجرا ءملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم کے دورہِ پاکستان کے دوران ان کے دست مبارک سے کرایا جائے گا۔ دوطرفہ تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ملائیشیا کے تجارتی وفد کو پاکستان کا جلد دورہ کرنے کی دعوت دی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان بھی اپنا ایک تجارتی وفد جلد ملائیشیا بھیجے گا جو تجارت بالخصوص پاکستان سے ملائیشیا کوگوشت کی برآمد کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم نے غزہ میں نہتے فلسطینی بہن بھائیوں پر جاری اسرائیلی بربریت و نسل کشی کے خلاف ملائیشیا کے واضح اور دوٹوک موقف کی تعریف کی۔دونوں رہنمائوں نے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔

وزیرِ اعظم نے مسئلہ کشمیر پر ملائیشیا کی پاکستان کے موقف کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور جلد پاکستان کے دورے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کیلئے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.