آئی پی ایل میں ہاردک پانڈیا کے لیے ممبئی انڈینز کی کپتانی مشکل بن گئی

image

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 17ویں ایڈیشن میں 10 ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

اتوار کو آئی پی ایل میں دو میچز کھیلے گئے جس میں پہلے میچ میں راجستھان رائلز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو 20 رنز سے شکست دے دی جبکہ دوسرے میچ میں گجرات ٹائٹنز نے ممبئی انڈینز کو 6 رنز سے ہرا دیا۔

احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈینز کی ٹیم گجرات ٹائٹنز کی طرف سے دیے گئے 169 رنز کے ہدف میں مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی۔

اس میچ کی خاص بات ممبئی انڈینز کے لیے ہاردک پانڈیا کی کپتانی تھی۔

اس میچ میں ہاردک پانڈیا نے بطور مستقل کپتان پہلی مرتبہ ممبئی انڈینز کی کپتانی کی جبکہ روہت شرما 2013 کے بعد پہلی مرتبہ صرف کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل ہوئے۔

ممبئی انڈینز نے جب گذشتہ برس ہاردک پانڈیا کو اپنی ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا تو اس وقت سوشل میڈیا پر روہت شرما کے مداحوں اور کرکٹ حلقوں  کی جانب سے شدید تنقید اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔

اسی طرح یہ غم و غصہ ممبئی انڈینز اور گجرات ٹائٹنز کے میچ کے دوران بھی تماشائیوں کی جانب سے دیکھنے کو ملا۔

جب ہاردک پانڈیا ٹاس کرنے کے لیے آئے تو اُن پر سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں نے ’بوئنگ‘ کی یعنی اُن پر آوازیں کسی گئیں۔

اسی طرح جب ہاردک پانڈیا بولنگ کرنے آئے تو تب بھی یہ بوئنگ جاری رہی اور شائقین روہت شرما کے نام کے نعرے لگاتے رہے۔

اس بارے میں انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور آئی پی ایل کمنٹیٹر کیون پیٹرسن نے کہا کہ ’آخری مرتبہ کسی بھی انڈین کرکٹر کو انڈیا میں کب بوئنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا؟ ایسا بہت ہی کم ہوا ہے۔‘

دوسری جانب میچ کے دوران جب ہاردک پانڈیا نے روہت شرما کو باؤنڈری پر فیلڈنگ کرنے بھیجا تو اُس پر بھی کرکٹ حلقوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

اس بارے میں سابق انڈین کرکٹر اور کمنٹیٹر روی شاستری نے کہا کہ ’روہت شرما کو آپ بہت ہی کم لانگ آن پر فیلڈنگ کرتے ہوئے دیکھیں گے۔‘

اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بھی کرکٹ مداح اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایکس صارف کرشنا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ہاردک پانڈیا نے روہت شرما کو باؤنڈری لائن پر بھیج دیا۔ بہت عرصے بعد میں نے روہت شرما کو باؤنڈری لائن پر دیکھا ہے۔‘ 

سکرین شاٹ

نوین پرساد نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میں نے روہت شرما کو باؤنڈری کے قریب کبھی فیلڈنگ کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔ وہ 30 یارڈ کے دائرے میں فیلڈنگ کرتے ہیں۔ ہاردک روہت شرما کی بے عزتی کر رہے ہیں۔ میرے خیال سے وہ یہ بات بھول گئے ہیں کہ روہت شرما انڈین ٹیم کے کپتان ہیں، وہ 130 کروڑ عوام کے کپتان ہیں۔‘ 

سکرین شاٹ

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.