یوم پاکستان پر ہم اپنے آباؤ اجداد کے عظیم الشان نظریہ اور غیر متزلزل عزم کو یاد کرتے ہیں ، دبئی میں پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد کی مبارکباد

image

دبئی ۔22مارچ (اے پی پی):پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے یوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن اندرون اور بیرون ملک پاکستانیوں سے وطن کی بہتری و ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے اور اپنی اجتماعی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ آنے والے چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنے کا تقاضا کرتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ قونصل جنرل حسین محمد نے کہا کہ 23 مارچ کے تاریخی دن پر ہم اپنے آباؤ اجداد کے عظیم الشان نظریہ اور غیر متزلزل عزم کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں انتھک جدوجہد کی،

آج کا دن علامہ محمد اقبال کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے سفر میں دی گئی قربانیوں، جدوجہد اور حاصل کردہ کامیابیوں پر غور کرنے کا دن ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب ہم یوم پاکستان کی 84 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، تو آئیے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے نظریات کے لیے اپنی لگن کا اعادہ کریں اور ایک خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن ہم میں سے ہر ایک پر فرض ہے کہ وہ اپنے ملک کی بہتری اور ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرے خواہ اندرون ملک ہو یا بیرون ملک، آئیے اپنی اجتماعی صلاحیت کو بروئے کار لانے اور آنے والے چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر باہمی شمولیت کو فروغ دیں اور رواداری اور ہم آہنگی کے اصولوں کو برقرار رکھیں۔ اپنے نوجوانوں کو بااختیار بنائیں اور تعلیم اور جدت کے مقصد کو آگے بڑھائیں ،پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی پر ثابت قدم رہیں۔انہوں نےکہاکہ آئیے ہم عہد کریں کہ ہم جمہوریت، انصاف اور مساوات کی اقدار کو برقرار رکھیں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سب کے لیے امید اور مواقع کی روشن کرن بنانے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ قونصل جنرل نے اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے مقامی قوانین، اصولوں اور پالیسیوں کا احترام کریں اور ان کی پابندی کریں اور اپنے پیارے ملک پاکستان کی بہترین انداز میں نمائندگی کریں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.