چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی تقرری میں ڈیڈ لاک، وزیراعظم سے علی امین گنڈا پور کی ملاقات آج

image

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی تقرری میں ڈیڈ لاک سے متعلق وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان اہم ملاقات شیڈول ہوگئی ہے۔ وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور آج بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات آج شام پونے پانچ بجے طے پائی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی صوبے کے وزیراعلیٰ سے یہ پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے گوادر کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر صوبائی وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ان کا استقبال کیا تھا لیکن یہ کوئی باضابطہ ملاقات نہیں تھی۔

یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب سیاسی طور پر ایک دوسرے کی شدید ترین مخالف جماعتوں کی حکومتوں کے درمیان خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری کی تعیناتی کے معاملے پر پہلا تنازع شروع ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے موجودہ چیف سیکرٹری کو تبدیل کرتے ہوئے شہاب علی شاہ کی تعیناتی کی درخواست کی ہے جس کے جواب میں وفاقی حکومت نے ایک نام کے بجائے تین ناموں کا پینل بھجوانے کی ہدایت کی تھی۔

وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان کی جانب سے وفاقی حکومت کو ارسال خط میں کہا گیا تھا کہ گریڈ 21 کے موجودہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کو تبدیل کرتے ہوئے ان کی جگہ گریڈ 21 کے شہاب علی شاہ کو تعینات کیا جائے جو اس وقت صوبہ بلوچستان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ 

اس خط کے جواب میں وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو قانون کے مطابق تین ناموں کا پینل ارسال کرنے کی ہدایت کر دی ہے جن میں سے کسی بھی ایک نام کو وزیر اعظم پاکستان تجویز کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں چیف سیکرٹری تعینات کریں گے۔

ندیم اسلم چوہدری کو وفاقی حکومت نے مارچ 2023 میں خیبر پختونخوا کا چیف سیکرٹری تعینات کیا تھا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے مجوزہ شہاب علی شاہ اس سے قبل خیبر پختونخوا میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری کے عہدے پر طویل عرصے تک کام کر چکے ہیں اور پی ٹی آئی کے بیشتر ترقیاتی منصوبوں کے نگران رہے ہیں۔

اس کے علاوہ اڈیالہ سمیت دیگر جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی اور پنجاب حکومت کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے پی کو اڈیالہ جیل کا دورہ نہ کرنے کا خط بھی اس ملاقات میں زیر بحث آنے کا امکان ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.