رمضان ہر مسلمان کیلئے انفرادی طور پر اپنے گناہوں کی بخشش، اخلاقی اصلاح اور جسمانی صحت و تندرستی کیلئے موزوں ترین ماحول فراہم کرتا ہے ، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا پیغام

image

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قوم کو رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے رمضان جہاں ہر مسلمان کیلئے انفرادی طور پر اپنے گناہوں کی بخشش، اخلاقی اصلاح اور جسمانی صحت و تندرستی کیلئے موزوں ترین ماحول فراہم کرتا ہے وہیں پورے اسلامی معاشرے میں موجود برائیوں کے خاتمے کا بھی سبب بنتا ہے، صبر و استقامت، بردباری، صلہ رحمی اور رضائے الہی کیلئے اپنی خواہشات پر قابو مسلمانوں کو ایک نئے آغاز کا بہترین اور منفرد موقع فراہم کرتے ہیں۔

پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے رمضان المبارک1445ھ کے آغاز پر قوم کے نام جاری پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ رمضان المبارک کے اس بابرکت مہینے کے آغاز پر وہ پاکستانی قوم سمیت پوری امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ اللہ رب العزت کا ہم پر خاص کرم اور رحمت ہے کہ ہمیں ایک مرتبہ پھر سے رمضان المبارک کی برکتیں سمیٹنے کا موقع مل رہا ہے۔ ہر سال ماہِ رمضان میں عبادات سے خالق کی قربت اور مخلوق میں خیر بانٹ کر رب کائنات کے احکامات کی بجا آواری اس مہینے کو مسلمانوں کے لئے روحانیت کی معراج اور اخلاقی تجدید نو کا ذریعہ بناتی ہے۔ یہ مہینہ امتِ مسلمہ کے مابین ہمدردی، اخوت، بھائی چارے، اور تعاون کے بنیادی اصولوں کی اساس کی مضبوطی کا باعث بھی بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ جہاں ہر مسلمان کیلئے انفرادی طور پر اپنے گناہوں کی بخشش اور اخلاقی اصلاح اور جسمانی صحت و تندرستی کیلئے موزوں ترین ماحول فراہم کرتا ہے وہیں پورے اسلامی معاشرے میں موجود برائیوں کے خاتمے کا بھی سبب بنتا ہے۔ صبر و استقامت، بردباری، صلہ رحمی اور رضائے الہی کیلئے اپنی خواہشات پر قابو مسلمانوں کو ایک نئے آغاز کا بہترین اور منفرد موقع فراہم کرتے ہیں۔ ایک روزے دار کو بھوک اور پیاس سے اپنے اردگرد موجود معاشی طور پر کمزور لوگوں کے جذبات و احساسات کا اندازہ ہوتا ہے اور معاشرے میں ایک دوسرے کی مدد کے جذبات پروان چڑھتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے اور مجھے بخوبی احساس ہے کہ مہنگائی نے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ حکومت نے اس حوالے سے ایک تاریخی رمضان ریلیف پیکیج دیا ہے وزیر اعظم نے تمام صاحبِ ثروت پاکستانیوں سے اپیل کی کہ اس ماہِ رمضان اپنے اردگرد موجود معاشی طور پر کمزور لوگوں کی ضرور مدد کریں۔ انہوں نے پوری قوم سے رمضان المبارک میں صہیونی ظلم و جبر کے شکار غزہ اور فلسطین کے مظلوم شہریوں کی مددونصرت کیلئے بھی دعا کرنے کی بھی اپیل کی وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پوری پاکستانی قوم نہ صرف غاصب اسرائیل کےنہتے فلسطینیوں پر ظلم کی مذمت کرتی ہے بلکہ عالمی برادری کو جنگ بندی کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتی ہےْ۔

انہوں نے قوم سے بھارتی مظالم کا شکار اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو بھی دعاؤں میں یاد رکھنے کی اپیل بھی کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس رمضان المبارک میں پوری قوم سے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور دعاؤں کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں اور فضیلتوں سے نوازے اور ملک پاکستان کو ترقی و کامیابی عطا فرمائے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.