معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے زیراہتمام خواتین کی جسمانی اور دماغی صحت سے متعلق آگاہی مہم اختتام پذیر

image

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے زیراہتمام ماہ فروری میں منعقد ہونے والی خواتین کی جسمانی اور دماغی صحت سے متعلق آگاہی مہم خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگئی، اس اقدام کا مقصد پسماندہ طبقات، تعلیمی اداروں، کارپوریٹ دفاتر اور صنعتی علاقوں سمیت مختلف شعبوں میں خواتین کو تعلیم دینا اور بااختیار بنانا ہے۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق معروف انٹرنیشنل ہسپتال کی کنسلٹنٹ کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر طاہرہ صادق نے اعدادوشمار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دل کی بیماری عالمی سطح پر موت کی سب سے بڑی وجہ ہے، تین میں سے ایک خاتون دل کی بیماری کا شکار ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 20 فیصد خواتین حمل کے دوران ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہوتی ہیں، جو بعد ازاں انہیں امراض قلب میں مبتلا کردیتی ہیں۔ معروف ہسپتال کی کارپوریٹ سربراہ روبینہ افضل نے اس موقع پر کہا کہ معروف انٹرنیشنل ہسپتال خواتین کی صحت اور ان کی بااختیاری، ہمہ گیر فلاح و بہبود کی حمایت کرنے اور عالمی سطح پر خواتین کو متاثر کرنے والے صحت کے متعلقہ مسائل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

کنسلٹنٹ ڈرمیٹولوجسٹ ڈاکٹر روبیا عثمان نے مختلف ممالک کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے دنیا بھر میں استعمال کی جانے والی رنگ گورا کرنے کی کریموں کے منفی اثرات پر روشنی ڈالی اور انکشاف کیا کہ ان کریموں کا استعمال کرنے والے افراد کی تعداد تشویشناک حد تک زیادہ ہے، جس کے اعداد و شمار درج ذیل ہیں : نائیجیریا میں75 فیصد، سینیگال 60، مالے 50، جنوبی کوریا 40، ملائیشیا 61، سعودی عرب 43 ، اردن 60 فیصد ہے۔ ڈاکٹر عثمان نے ان کریموں کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی اور خطرات سے خبردار کیا جو جلدی امراض اور معذوری کی شکل میں ظاہر ہوسکتے ہیں۔

شعبہ نفسیات کے سربراہ ڈاکٹر راشد خان نے خواتین کی مجموعی بہبود میں ذہنی صحت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ وہ اپنی ذہنی صحت کو پروان چڑھانے کے لیے ذاتی نگہداشت جیسی سرگرمیوں کو ترجیح دیں۔ انہوں نے ذہنی سکون کے مختلف عوامل پر بھی روشنی ڈالی۔ انٹرنل میڈیسن اینڈ جیریاٹرک اسپیشلسٹ ڈاکٹر عالیہ بابر حمید نے خواتین کو بااختیار بنانے میں مردوں کے اہم کردار پر زور دیا اور اس مقصد کی حمایت کے لیے بصیرت انگیز تجاویز فراہم کیں۔ انہوں نے خواتین کی مجموعی صحت کے حوالہ سے باقاعدگی سے ورزش، متوازن خوراک اور ذیابیطس ، ہائی بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول اور مخصوص حالات جیسے چھاتی اور سروائیکل کینسر جیسی عام بیماریوں کے لیے سالانہ اسکریننگ کی اہمیت پر زور دیا۔

فزیو تھراپی بحالی کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر حسیب شاہ نے صنعتی اور دفتری عملے کے لئے کام کی جگہ پر صحت مند ماحول کی فراہمی کے بہترین طریقوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے میز، کرسی کی مناسب اونچائی ، پٹھوں کی اکڑن اور تھکاوٹ کو روکنے ، آنکھوں کے تنائو کو کم کرنے کے لیے کمپیوٹر اسکرین کی مناسب پوزیشننگ کا بھی مشورہ دیا۔ نیوٹریشنسٹ ندا اشرف نے متوازن غذا، روزہ رکھنے کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.