پشاور زلمی کا نیا ترانہ ’زلمی آواز‘ اور ارباب نیاز سٹیڈیم پر ’خاموش احتجاج‘

image

پاکستان سپر لیگ نویں ایڈیشن کا آغاز 17 فروری کو ہو رہا ہے۔ ابتدائی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین لاہور میں کھیلاجائے گا۔  میچز سے قبل پی ایس ایل 9 کا ترانہ جاری کر دیا گیا ہے تاہم مختلف ٹیموں کی جانب سے بھی ترانے جاری کیے جا رہے ہیں۔ 

گزشتہ روز پشاور زلمی نے اپنا علاقائی ترانہ 'زلمی آواز' پشتو زبان میں جاری کیا جسے پشتو کے نامور گلوکار رحیم شاہ نے گایا ہے۔ پی ایس ایل کی شروعات سے لے کر اختتام تک ترانوں پر بحث جاری رہتی ہے۔ فینز میچز سے زیادہ ترانوں کا انتظار کرتے ہیں. اس بار بھی یہی صورت حال ہے۔ 

پی ایس ایل 9 کے ترانے پر تو ملے جلے تاثرات مل رہے ہیں لیکن پشاور زلمی نے حسب سابق پشتو زبان میں اپنا علاقائی ترانہ جاری کیا ہے. پشاور زلمی کی فرنچائز نے اس ترانے کو 'زلمی آواز' کا عنوان دیا ہے۔

اس ترانے کی خاص بات یہ ہے کہ ایک تو یہ پشاور کے ہوم گراونڈ ارباب نیاز سٹیڈیم میں فلمایا گیا ہے اور دوسرا اس میں دیگر ٹیموں کو بھی اچھے الفاظ میں یاد کیا گیا ہے. ترانے کی ویڈیو کا آغاز اور اختتام پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم سے ہو رہا ہے جو عرصہ دراز سے تعمیر نہیں ہو سکا۔

گانے کی ویڈیو میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم، عامر جمال، محمد حارث، ڈیرن سیمی، اور صائم ایوب کو نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے جبکہ پشتون موسیقی کے ثقافتی آلات رباب اور ستار کو بھی جگہ دی گئی ہے۔

کپتان بابر اعظم کو پشتون ثقافتی شملہ پہنے بھی دیکھا جا سکتا ہے. اس کے علاوہ کامران اکمل، ڈیران سیمی اور دیگر کھلاڑیوں کو پشتون لباس میں روایتی رقص کرتے ہوئے بھی فلمایا گیا ہے. بابر اعظم کے کوور ڈرائیو اور صائم ایوب کے 'نو لُک'، اور 'سویپ شاٹس'سمیت دیگر کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو بھی نمایاں دکھایا گیا ہے۔

پشاور زلمی نے اپنا گزشتہ ترانہ بھی پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں فلمایا تھا جبکہ حسب سابق اس ترانے کی ریکارڈنگ بھی ارباب نیاز سٹیڈیم میں کی گئی ہے۔

 پشاور زلمی کا ترانہ ارباب نیاز سٹیڈیم میں فلمانے کے پیچھے فرینچائز کے مالک جاوید آفریدی کا ایک بیانیہ کارفرما ہے جس کے مطابق وہ پشاور میں کھیلوں کے میدان آباد کرنا چاہتے ہیں. پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے بھی آج اِسی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا' ہماری خواہش تھی کہ پی ایس ایل میں ہمارے زیادہ میچز پشاور میں ہوں.

پشاور کے فینز عرصہ دراز سے ہوم گراﺅنڈ پر میچز کا انتظارکر رہے ہیں، ہماری خواہش تھی کہ پشاور کے زیادہ میچز وہاں ہوں جہاں ہمارے فینز زیادہ ہیں، اور یہ ہمارا حق بھی ہے۔' 

اسی طرح فرینچائز اونر جاوید آفریدی بھی عرصہ دراز سے پشاور کے گراؤنڈ کو آباد کرنے کے لیے متحرک ہیں. 2019 میں انہوں نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل ہوگی توان کی ٹیم کھیلنے آئے گی.

BEING A SON OF THIS SOIL, I PROMISE THE PEOPLE OF PESHAWAR & KP THAT WE WILL BRING ALL OUR FOREIGN PLAYERS TO PLAY IN ARBAB NIAZ CRICKET STADIUM. pic.twitter.com/McWO8YPBGZ

— Javed Afridi (@JAfridi10) December 16, 2022

ان کا کہنا تھا ' جب ارباب نیاز سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کی تکمیل ہوگی تو انشاللہ سیزن 6 میں پوری زلمی ٹیم نہ صرف پشاور بلکہ وزیرستان بھی جاکر میچز کھیلنے کے لیے تیار ہے۔'تاہم اب سیزن 9 شروع ہوگیا ہے لیکن تاحال پشاور کے میدان آباد نہ ہو سکے۔

جاوید آفریدی نے 2022 میں بھی پشاور اور خیبر پختونخواہ کہ لوگوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ایک دن بیرون ممالک کے کھلاڑیوں کو پشاور لائیں گے۔

انہوں نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے لکھا' اس دھرتی کے بیٹا ہونے کے ناطے میں پشاور اور خیبر پختونخواہ کے لوگوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہم اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں کو ارباب نیاز سٹیڈیم میں کھیلنے کے لئے دعوت دیں گے۔' 

جاوید آفریدی اس سے قبل بھی ارباب نیاز سٹیڈیم میں میچز کرانے کے لئے آواز اٹھا چکے ہیں اور اپنی ٹیم کے ترانوں میں ارباب نیاز سٹیڈیم کو دکھانے کے پیچھے ان کی یہی تحریک کارفرما ہے. پشاور کے سپورٹس جرنلسٹ اور سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کے جنرل سیکرٹری شاہد آفریدی نے اس حوالے سے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جاوید آفریدی آغاز سے ہی بتاتے آرہے ہیں کہ یہ اُن کا ہوم گراؤنڈ ہے. ان کا مزید کہنا تھا ' پشاور زلمی کا فین کلب پشاور میں زیادہ ہے. پشاور میں ان کی ٹیم کو دیکھنے کے لئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد آسکتی ہے. لیکن ارباب نیاز سٹیڈیم پر عرصہ دراز سے تعمیراتی کام ہو رہا ہے. یہ کم از کم دو سال قبل بن جانا چاہیے تھا لیکن مالی بد حالی، کرونا وبا اور دیگر وجوہات کی بنا پر آج بھی اس سٹیڈیم کی تعمیر نو مکمل نہیں ہوسکی.' ان کے مطابق پشاور زلمی نے اس سے قبل ارباب نیاز سٹیڈیم میں میچز نہ کھیلنے پر سٹینڈ بھی لیا تھا. ان کے بقول ' انہوں نے یہ تجویز بھی دی تھی کہ پشاور میں پی ایس ایل کا ایک اعزازی میچ رکھا جائے جس طرح کوئٹہ میں منعقد ہوا تھا لیکن انتظامیہ نے اس پر کوئی خاص ردعمل نہیں دیا. تاہم ان کی کوشش ہے کہ جلد از جلد ارباب نیاز سٹیڈیم تیار ہو اور ان کے میچز یہاں بھی منعقد ہوں. یہی وجہ ہے کہ پشاور زلمی کی فرنچائز اپنے ترانوں میں ارباب نیاز سٹیڈیم کو دکھاتی رہتی ہے۔‘

پشاور زلمی کے علاقائی ترانے 'زلمی آواز' میں نہ صرف ارباب نیاز سٹیڈیم کے لئے خاموش احتجاج ریکارڈ کیا گیا ہے بلکہ پی ایس ایل 9 میں شامل دیگر ٹیموں کے لئے بھی اچھے بول گائے گئے ہیں. ترانے میں بابِ خیبر اور دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں کو دکھاتے ہوئے گلوکار رحیم شاہ یہ بول گا رہے ہیں: 

'خیبر خیبر دلبر دے زما

لاہور دہ زڑگی سر دے زما

کوئٹہ دہ کراچئی کہ ملتان

دا ٹول د پاکستان دے شان

یعنی خیبر ہم سب کا دلبر ہے اور لاہور ہمارے دل کا ٹکڑا ہے جبکہ کوئٹہ، کراچی ہو یا ملتان یہ ساری ٹیمیں پاکستان کی شان ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.