پاکستان سپر لیگ نویں ایڈیشن کا آغاز 17 فروری کو ہو رہا ہے۔ ابتدائی میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین لاہور میں کھیلاجائے گا۔ میچز سے قبل پی ایس ایل 9 کا ترانہ جاری کر دیا گیا ہے تاہم مختلف ٹیموں کی جانب سے بھی ترانے جاری کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز پشاور زلمی نے اپنا علاقائی ترانہ 'زلمی آواز' پشتو زبان میں جاری کیا جسے پشتو کے نامور گلوکار رحیم شاہ نے گایا ہے۔ پی ایس ایل کی شروعات سے لے کر اختتام تک ترانوں پر بحث جاری رہتی ہے۔ فینز میچز سے زیادہ ترانوں کا انتظار کرتے ہیں. اس بار بھی یہی صورت حال ہے۔
پی ایس ایل 9 کے ترانے پر تو ملے جلے تاثرات مل رہے ہیں لیکن پشاور زلمی نے حسب سابق پشتو زبان میں اپنا علاقائی ترانہ جاری کیا ہے. پشاور زلمی کی فرنچائز نے اس ترانے کو 'زلمی آواز' کا عنوان دیا ہے۔
مزید پڑھیں
اس ترانے کی خاص بات یہ ہے کہ ایک تو یہ پشاور کے ہوم گراونڈ ارباب نیاز سٹیڈیم میں فلمایا گیا ہے اور دوسرا اس میں دیگر ٹیموں کو بھی اچھے الفاظ میں یاد کیا گیا ہے. ترانے کی ویڈیو کا آغاز اور اختتام پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم سے ہو رہا ہے جو عرصہ دراز سے تعمیر نہیں ہو سکا۔
گانے کی ویڈیو میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم، عامر جمال، محمد حارث، ڈیرن سیمی، اور صائم ایوب کو نمایاں طور پر دکھایا گیا ہے جبکہ پشتون موسیقی کے ثقافتی آلات رباب اور ستار کو بھی جگہ دی گئی ہے۔
کپتان بابر اعظم کو پشتون ثقافتی شملہ پہنے بھی دیکھا جا سکتا ہے. اس کے علاوہ کامران اکمل، ڈیران سیمی اور دیگر کھلاڑیوں کو پشتون لباس میں روایتی رقص کرتے ہوئے بھی فلمایا گیا ہے. بابر اعظم کے کوور ڈرائیو اور صائم ایوب کے 'نو لُک'، اور 'سویپ شاٹس'سمیت دیگر کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو بھی نمایاں دکھایا گیا ہے۔
پشاور زلمی نے اپنا گزشتہ ترانہ بھی پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں فلمایا تھا جبکہ حسب سابق اس ترانے کی ریکارڈنگ بھی ارباب نیاز سٹیڈیم میں کی گئی ہے۔
پشاور زلمی کا ترانہ ارباب نیاز سٹیڈیم میں فلمانے کے پیچھے فرینچائز کے مالک جاوید آفریدی کا ایک بیانیہ کارفرما ہے جس کے مطابق وہ پشاور میں کھیلوں کے میدان آباد کرنا چاہتے ہیں. پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے بھی آج اِسی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا' ہماری خواہش تھی کہ پی ایس ایل میں ہمارے زیادہ میچز پشاور میں ہوں.
پشاور کے فینز عرصہ دراز سے ہوم گراﺅنڈ پر میچز کا انتظارکر رہے ہیں، ہماری خواہش تھی کہ پشاور کے زیادہ میچز وہاں ہوں جہاں ہمارے فینز زیادہ ہیں، اور یہ ہمارا حق بھی ہے۔'
اسی طرح فرینچائز اونر جاوید آفریدی بھی عرصہ دراز سے پشاور کے گراؤنڈ کو آباد کرنے کے لیے متحرک ہیں. 2019 میں انہوں نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش مکمل ہوگی توان کی ٹیم کھیلنے آئے گی.
BEING A SON OF THIS SOIL, I PROMISE THE PEOPLE OF PESHAWAR & KP THAT WE WILL BRING ALL OUR FOREIGN PLAYERS TO PLAY IN ARBAB NIAZ CRICKET STADIUM. pic.twitter.com/McWO8YPBGZ
— Javed Afridi (@JAfridi10) December 16, 2022