’میری بیٹی ہر دن یہ گیم کھیل کر 180 ہزار روپے نکالتی ہے‘ سچن ٹنڈولکر کو اپنی ڈیپ فیک ویڈیو پر افسوس

انڈین کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے اپنی اس ڈیپ فیک ویڈیو کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں بظاہر وہ ایک آن لائن گیمنگ ایپ کی تشہیر کر رہے ہیں۔
سچن ٹنڈولکر
Getty Images

انڈین کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے اپنی اس ڈیپ فیک ویڈیو کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جس میں بظاہر وہ ایک آن لائن گیمنگ ایپ کی تشہیر کر رہے ہیں۔

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سچن فوری پیسہ بنانے کا دعویٰ کرنے والی اس ایپ کو سراہتے ہیں۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر سچن نے کہا کہ ’یہ جعلی ویڈیوز ہیں۔ مجھے اس پر افسوس ہے کہ ٹیکنالوجی کا بے دریغ انداز میں غلط استعمال ہو رہا ہے۔‘

سچن سے قبل انڈیا کی کئی معروف شخصیات ڈیپ فیک ویڈیوز کا شکار بن چکی ہیں اور وہ اس کے خلاف بولنے والوں میں سے واحد شخص نہیں۔

کچھ ماہ قبل اداکارہ رشمیکا مندانا نے اپنی ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں سے اسے نہ شیئر کرنے کی اپیل کی تھی۔ اس ویڈیو میں رشمیکا کا چہرہ برطانوی نژاد انڈین خاتون کی انسٹاگرام پر ایک ویڈیو میں استعمال کیا گیا تھا۔ اس معاملے نے ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کے حوالے سے انڈیا میں ایک بحث چھیڑ رکھی ہے۔

اداکارہ نے اس واقعے کو ’انتہائی خوفناک‘ قرار دیا اور خواتین سے اپنے ساتھ ہونے والے واقعات سے پردہ اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

عالیہ بھٹ، کاجول اور کترینہ کیف ان اداکاراؤں میں سے ہیں جنھیں ڈیپ فیک ویڈیوز کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

سچن کی اس ویڈیو میں انھیں یہ کہتے دیکھا جاسکتا ہے کہ ’میری بیٹی (سارہ ٹنڈولکر) یہ گیم کھیل رہی ہے جس کے بارے میں ہر کوئی بات کر رہا ہے۔۔۔ وہ ہر دن یہ گیم کھیل کر اسی ہزار روپے نکالتی ہے۔ مجھے حیرت ہوتی ہے کہ اچھا پیسہ کمانا کتنا آسان ہو گیا ہے۔ یہ ایپ بالکل مفت ہے۔‘

اس جعلی اشتہار میں نہ صرف سچن کی تصویر ہے بلکہ ان کی آواز بھی اصل آواز سے ملتی جلتی ہے۔ سچن نے سب سے گزارش کی ہے کہ ایسی ویڈیوز، ایڈز اور ایپس کے خلاف شکایت درج کرائی جائے۔

انھوں نے ایکس پر لکھا کہ ’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے اور ایسی شکایات پر جلد ردعمل دیا جانا چاہیے۔ غلط معلومات اور ڈیپ فیکس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ان کا فوری ردعمل ضروری ہے۔‘

https://twitter.com/sachin_rt/status/1746794062961950824

سچن انڈیا کے سب سے مشہور کرکٹرز میں سے ایک ہیں جنھوں نے 2013 میں ریٹائرمنٹ لی اور اس کے بعد سے کئی تشہیری مہمات کا حصہ رہے ہیں۔

سچن کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے انڈیا میں آئی ٹی کے جونیئر وزیر راجیو چندرشیکھر نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کے ذریعے بنائے گئے ڈیپ فیکس اور مس انفارمیشن کی وجہ سے انٹرنیٹ کے صارفین کا تحفظ خطرے میں ہے۔

انھوں نے اعلان کیا کہ انڈیا جلد سخت قوانین متعارف کرائے گا تاکہ یہ یقینی بنایا جائے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جلد از جلد ڈیپ فیک ویڈیوز حذف کریں۔

انڈیا کے آئی ٹی کے قوانین کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو یہ یقینی بنانا ہے کہ ’کسی بھی صارف کی طرف سے جعلی معلومات نہ پوسٹ کی جاسکے۔‘ انڈین قوانین کے تحت عملدرآمد نہ کرنے والے پلیٹ فارمز کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کی جاسکتی ہے۔

چندرشیکھر اور آئی ٹی کے وفاقی وزیر اشوینی ویشنیو نے اس سے بھی قبل بھی ڈیپ فیکس کے خلاف بات کی ہے۔

نومبر میں اشوینی ویشنیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کی کمپیوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی تھی جس دوران انھوں نے کہا کہ حکومت جلد ڈیپ فیکس کے خلاف ’واضح، احتساب کا منصوبہ‘ بنائے گی۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.