کشمور میں الیکشن کمیشن کے چار ملازمین کی ہلاکت، ’وجہ گیس لیکیج‘

image

سندھ کے علاقے کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں الیکشن کمشین کے چار ملازمین مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر سندھ کے مطابق ملازمین کی ہلاکت گیس لیکیج کی وجہ سے ہوئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر امیر افضل اویسی کشمور کندھ کوٹ نے اُردو نیوز کو واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’مقامی افراد کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی کہ صفائی کے لیے الیکشن کمیشن کے دفتر جانے والے عملے نے دیکھا کے کچھ افراد بے ہوشی کی حالت میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو اہلکاروں نے دفتر میں بےہوش پڑے چاروں افراد کو باہر نکالا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کی۔ ’میڈیکل رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کے اہلکار ہسپتال منتقل ہونے سے 8 گھنٹے قبل دم توڑ گئے تھے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کی جائیں گی۔‘

ضلعی حکومت کے مطابق ُابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملازمین سردی کی وجہ سے کمرے کی کھڑکی اور دروازے بند کر کے کام کرنے بعد دفتر میں ہی سو گئے تھے اور دم گھٹنے کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی تاہم واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔‘

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ کشمور میں گیس لیکیج کے باعث الیکشن کمیشن کے چار ملازمین ہلاک ہو گئے جن میں الیکشن آفیسر، دو ڈیٹا اینٹری آپریٹر اور ایک سب اسسٹنٹ شامل ہیں۔ ملازمین کی وفات پر ادارے کی جانب سے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا ہے۔

ہلاک ہونے والے ملازمین میں سے تین کا تعلق لاڑکانہ سے جبکہ ایک کا تعلق کندھ کوٹ سے تھا۔

چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد فخر عالم نے بھی الیکشن کمیشن کے عملے کی ہلاکت کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے کمشنر لاڑکانہ اور ڈی آئی جی لاڑکانہ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے پیغام میں مرحومین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا اور واقعہ کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ سندھ کے علاقے کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں سال 2021 میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی خبروں کی زینت بنا تھا۔ اس علاقے کے مختلف پولنگ سٹیشنز پر مسلح افراد الیکشن کمیشن کے عملے کو یرغمال بنا کر بیلٹ پیپرز اور بیلٹ باکس اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.