کراچی کے بیشتر پیٹرول پمپس پر فائر سیفٹی آلات اور مطلوبہ انتظامات عدم موجود ہونے کے انکشاف پر بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے سخت ایکشن لیتے ہوئے متعدد پیٹرول پمپس کو سیل کر دیا ہے۔
کے ایم سی کی جانب سے ایم اے جناح روڈ، لی مارکیٹ اور اولڈ سٹی ایریا سمیت مختلف علاقوں میں معیار پر پورا نہ اترنے والے پیٹرول پمپس کی تالا بندی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے) نے اس کارروائی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے میئر کراچی کو شکایتی خط ارسال کیا ہے، جس میں پمپس کو فوراً ڈی سیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پی پی ڈی اے کا موقف ہے کہ کے ایم سی نے 29 اگست کو فائر سیفٹی انتظامات کا نوٹس بھیج کر 7 دن کی مہلت دی تھی، لیکن 2 اور 3 ستمبر کو معائنے کے بعد مقررہ وقت ختم ہونے سے پہلے ہی پمپس کو سیل کرنا شروع کر دیا گیا۔