یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے غازیوں اور شہدا کے اہل خانہ سے گہری عقیدت و تشکر کا اظہار کیا ہے۔
مسلح افواج کے سربراہان نے اپنے پیغامات میں کہا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، جرأت اور عزم کی لازوال علامت ہے، جب 1965 کی جنگ میں قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر کھڑی ہوئی اور محافظوں نے زمین، فضا اور سمندر میں جانوں کے نذرانے پیش کر کے فرض اور قربانی کی اعلیٰ ترین مثالیں قائم کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے واضح کیا ہے کہ وہ ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا پابند ہے، تاہم امن اور بقائے باہمی کے عزم کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
مسلح افواج نے پاکستان اور عوام سے غیر متزلزل وفاداری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور اہل خانہ کا حوصلہ قومی قوت کا سرچشمہ ہے، اور افواج قوم کے شانہ بشانہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت اور عزت کے ساتھ ادا کرتی رہیں گی۔